QR codeQR code

یوکیا امانو اور ڈاکٹر علی اکبر صالحی کی مشترکہ پریس کانفرنس

عالمی جوہری توانائی ادارے کے سربراہ کی ایرانی جوہری توانائی ادارے کے سربراہ کیساتھ ملاقات

18 Dec 2016 گھنٹہ 16:38

اسلامی جمہوریہ ایران مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی نہیں کرے گا مگر یہ کہ مقابل فریق کی جانب سے خلاف ورزی کی جائے۔علی اکبر صالحی


ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی نہیں کرے گا مگر یہ کہ مقابل فریق کی جانب سے خلاف ورزی کی جائے۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے اتوار کے روز تہران میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں ان رپورٹوں کی طرف کہ جو آئی اے ای اے نے اب تک ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں جاری کی ہیں، اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹیں اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ ایران مشترکہ جامع ایکشن پلان میں کیے گئے اپنے وعدوں کا پابند رہا ہے۔

انھوں نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ یوکیا امانو کے ساتھ گفتگو میں بھاری پانی، افزودہ یورینیم، تحقیق اور ترقی کے موضوعات کا جائزہ لیا گیا ہے، کہا کہ ایران اس بات پر زور دیتا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کو ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے غیرجانبداری سے کام کرنا چاہیے اور اس کی رپورٹیں کسی کے اثرورسوخ سے متاثر نہیں ہونی چاہییں۔ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے اسی طرح پروپلژن کی افزودگی کو ایک اہم فنی بحث قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکیا امانو سے صدر مملکت کے احکامات اور پروپلژن کے بارے میں بات چیت ہوئی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تیرہ دسمبر کو مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد میں امریکہ کی جانب سے لیت و لعل سے کام لیے جانے کے بعد ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ کو حکم دیا کہ ایران کے سائنسی و تحقیقاتی مراکز کے تعاون سے بحری نقل و حمل کے میدان میں استعمال کے سلسلے میں نیوکلیئر پروپلژن کی ڈیزائننگ اور تیاری کے لیے منصوبہ بندی کی جائے۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے مزید کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کے مسئلے میں ایران کے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں اور وہ جو بھی کام ضروری ہوا انجام دے گا۔ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے بھی یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ وہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے طریقے سے راضی ہیں، امید ظاہر کی کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی کی دعوت پر اتوار کے روز ایک روزہ دورے پر تہران پہنچے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 254280

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/254280/یوکیا-امانو-اور-ڈاکٹر-علی-اکبر-صالحی-کی-مشترکہ-پریس-کانفرنس

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com