QR codeQR code

شکاگو :گزشتہ ایک سال کے دوران تشدد کے بے شمار واقعات

شکاگو:کرسمس پارٹی کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے

27 Dec 2016 گھنٹہ 17:01

شکاگو میں رواں سال اب تک قتل کے 700 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے


امریکہ کے وسط مغربی شہر شکاگو کی پولیس نے بتایا ہے کہ گزشتہ اختتام ہفتہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں سے 12 کی موت ہو گئی۔

ملک کے تیسرے بڑے شہر میں گزشتہ ایک سال کے دوران تشدد کے بے شمار واقعات رونما ہو چکے ہیں اور یہاں قتل کے واقعات میں 40 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

کرسمس کی چھٹیوں کے دوران پیش آنے والے واقعات میں وہ مہلک واقعہ بھی شامل ہے جس میں ایک کرسمس پارٹی کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

شکاگو پولیس کے سپریٹنڈنٹ ایڈی جانسن نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ دو روز میں ہونے والی ہلاکتوں میں سے 90 فیصد کا تعلق مختلف گروہوں، جرائم پیشہ پس منظر رکھنے والوں یا پھر ایسے لوگوں کی تھی جن کے بارے میں حکام تشدد میں ملوث ہونے کی نشاندہی کر چکے تھے۔

جانسن کا استدلال تھا کہ سیاسی راہنماوں کو اسلحے سے متعلق قوانین کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔

"اگر آپ بندوق اٹھائیں اور کسی کو گولی مار دیں تو آپ کو جیل میں ہونا چاہیئے، بس اس سے زیادہ کچھ نہیں۔۔"

جانسن کا کہنا تھا کہ اسلحے سے تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات ناقابل قبول ہیں اور "جنوری میں قانون ساز جب جمع ہوں تو ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ شکاگو کو اسلحے سے متعلق سخت قوانین بنا کر دیں۔"

پولیس عہدیدار نے مزید بتایا کہ حکام نے اس اختتام ہفتہ مختلف علاقوں سے 45 بندوقیں قبضے میں لیں۔ شکاگو میں رواں سال اب تک قتل کے 700 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ گزشتہ سال یہ تعداد 500 تھی۔


خبر کا کوڈ: 255207

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/255207/شکاگو-گزشتہ-ایک-سال-کے-دوران-تشدد-بے-شمار-واقعات

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com