تاریخ شائع کریں2021 23 February گھنٹہ 11:14
خبر کا کوڈ : 494152

دختر رسول خداؐ، مردوں کیلئے بھی اسوہ کاملہ ہیں

مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے فاطمہؑ و علیؑ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں اہم مذہبی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی
دختر رسول خداؐ، مردوں کیلئے بھی اسوہ کاملہ ہیں
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے فاطمہؑ و علیؑ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں اہم مذہبی سیاسی و سماجی شخصیات سمیت معلمات، ذاکرات، پروفیسرز، ڈاکٹرز، انجینئرز، وومن چیمبر آف کامرس انڈسٹریز کی فاونڈر صدر ڈاکٹر شہلہ جاوید اکرم، جماعت اسلامی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ احمد، چرچ گیٹ آف نیشن کی سربراہی میں کافی تعداد میں مسیحی خواتین جبکہ سیاسی شخصیات میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور نون لیگ کی اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی، سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ تحسین شیرازی، ذکیہ نقوی، رباب ترمذی، نرگس ہادی اور معصومہ بہشتی نے خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس کے آغاز میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عظمی نقوی نے کانفرنس کا ایجنڈا پیش کیا اور ضلعی میڈیا سیکرٹری نگین زہرا رضوی اور ضلعی سیکرٹری امور مدارس عطیہ نے دوران تقریب نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ سیکرٹری جنرل حنا تقوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کی ذات گرامی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا اخلاق و کردار میں اپنی والدہ ماجدہ حضرت خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیھا کی صفات عالیہ کا واضح نمونہ تھیں۔ ان کا کہنا تھا آپ سلام اللہ علیھا اعلی فکری افکار، نیکی اور دینداری میں اپنی والدہ کی وارثہ اور ملکوتی صفات و اخلاق میں اپنے والد گرامی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی جانشین تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خاتون جنت بی بی دو عالم اپنے شوہر مولا علی علیہ سلام کے لیے ایک دلسوز، مہربان اور فدا کار زوجہ تھیں، بچوں کی تربیت اور گھریلو ذمہ داریوں کیساتھ ساتھ آپ سلام اللہ علیھا کو عبادت خداوندی سے عشق تھا جب عبادت کی غرض سے مصلۂ پر کھڑی ہوتیں تو بچوں کو بھی ساتھ کھڑا کرتیں غرضیکہ کہ سیدۃ النساء العالمین (س) نے اپنے پاکیزہ کردار سے خواتین کیلئے زندگی کے تمام شعبوں اور پہلوؤں میں بہترین راہنمائی کی ہے۔

مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دختر رسول خداؐ، ام الآئمہؑ جناب فاطمۃ الزہراؑ نہ فقط تمام عالمین کی خواتین کیلئے بلکہ مردوں کیلئے بھی اسوہ کاملہ ہیں، نہ صرف ہم جیسے گناہگار مردوں کیلئے آئیڈیل ہیں بلکہ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ شریف فرماتے ہیں کہ میری دادی سیدہ فاطمۃ الزہرا (س) میرے لیے اسوہ ہیں۔ انہوں نے کہا اگر ہم اپنے معاشرے کو جنت بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں خط فاطمیؑ کو اپنانا ہوگا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر علامہ احمد اقبال رضوی نے ضلع لاہور کو اس پر شکوہ کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس میں ضلع لاہور کے تمام یونٹس نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر ضلعی اور یونٹس کابینہ ممبران کی بہترین تنظیمی کارکردگی پر انہیں اعزازی اسناد، میڈلز اور انعامات سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں تقریب میں شریک مہمانوں میں مجلس وحدت مسلمین کا لٹریچر، دینی مواد اور ایم ڈبلیو ایم کے مونو گرام سے مزین کپ تحفے کے طور پر پیش کیے گئے۔
https://taghribnews.com/vdcene8ewjh8ozi.dqbj.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ