تاریخ شائع کریں2017 19 January گھنٹہ 15:51
خبر کا کوڈ : 257511

آغا سید ضیاء الدین قتل کیس کا مرکزی ملزم شاکراللہ پولیس مقابلے میں مارا گیا

شاکراللہ عرف ڈاکٹر کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا سرگرم کارکن تھا
شاکراللہ عرف ڈاکٹر جیل سے فرار ہونے کے بعد لشکر جھنگوی کے سربراہ آصف چھوٹو کے ساتھ مل کر دہشتگردی کی وارداتیں کرتا تھا
آغا سید ضیاء الدین قتل کیس کا مرکزی ملزم شاکراللہ پولیس مقابلے میں مارا گیا
گلگت بلتستان کے نامور عالم دین آغا سید ضیاء الدین قتل کیس کا مرکزی ملزم شاکراللہ پنجاب میں پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ شیخوپورہ بائی پاس کے قریب انسداد دہشتگردی فورس کے ساتھ مقابلے میں مارے جانیوالے چار دہشت گردوں میں شاکراللہ عرف ڈاکٹر بھی شامل تھا، جو علامہ سید ضیاءالدین رضوی قتل کیس کا مرکزی ملزم تھا۔

علامہ سید ضیاءالدین رضوی کو 2005ء میں گلگت میں فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھا، جبکہ گارڈ کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوا تھا۔ خفیہ اداروں اور پولیس نے تحقیقات کرکے شاکراللہ کو پشاور سے گرفتار کرکے گلگت منتقل کر دیا تھا اور شاکراللہ کو آغا ضیاءالدین قتل کیس میں مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

آغا ضیاءالدین قتل کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت تھا اور مقدمے کی سماعت مکمل ہوئی تھی۔ مگر فیصلہ سنانے سے قبل ہی گیارہ اور بارہ دسمبر 2012ء کی درمیانی شب ایف سی کیمپ جوٹیال جسے سب جیل کا درجہ دیا گیا تھا، شاکراللہ اپنے ساتھی عارف الدین کے ہمراہ آسانی کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ جس کا مقدمہ جوٹیال تھانے میں درج کیا گیا۔

شاکراللہ کے جیل سے فرار ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسے آغا ضیاءالدین قتل کیس کا مرکزی ملزم قرار دے کر سزا موت سنائی تھی اور اسے مفرور قرار دے کر اس کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ اس دوران پولیس نے اسے گرفتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر وہ شاکراللہ کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

بتایا جاتا ہے کہ شاکراللہ عرف ڈاکٹر کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا سرگرم کارکن تھا اور جیل سے فرار ہونے کے بعد لشکر جھنگوی کے سربراہ آصف چھوٹو کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی وارداتیں کرتا تھا۔ بالآخر بدھ کے صبح شاکراللہ شیخوپورہ بائی پاس کے قریب اپنے امیر آصف چھوٹو اور دو دیگر دہشتگرد ساتھیوں کے ساتھ انسداد دہشت گردی فورس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔
https://taghribnews.com/vdca60nu649nmm1.zlk4.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ