تاریخ شائع کریں2017 2 October گھنٹہ 14:17
خبر کا کوڈ : 286529

حضرت امام حسین (ع) نے صبر اور بہادری کے ساتھ حق حریت کی حفاظت کا پیغام دیا،

یوم عاشور ہر سال اسلامی تاریخ کے لا زوال واقعے کی یاد دلاتا ہے،وزیراعظم پاکستان
سانحہ کربلا کا سبق ہے کہ معاشرے اور ریاست کے معاملات چند افراد کی خواہشات کے تابع نہیں کیے جا سکتے، صدر ممنون
حضرت امام حسین (ع) نے صبر اور بہادری کے ساتھ حق حریت کی حفاظت کا پیغام دیا،
پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیغام پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔

صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام، ان کے خانوادے اور رفقا کی عظیم قربانی کی یاد مناتے ہوئے اس کے مقاصد اور حکمت عملی کو پیش نظر رکھنا چاہیے کیونکہ اس میں عالم انسانیت اور بالخصوص ہمارے گو ناں گوں مسائل کا حل مضمر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عظیم جدوجہد ہمیں یاد دلاتی ہے کہ انسان کی ذات اور اس کے مفادات پر اجتماعی مقاصد اور معاشرے کی تخلیق و پاکیزگی فوقیت رکھتی ہے جس پر کسی صورت کوئی مفاہمت نہیں ہو سکتی۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ سانحہ کربلا کا سبق ہے کہ معاشرے اور ریاست کے معاملات چند افراد کی خواہشات کے تابع نہیں کیے جا سکتے، شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے پیغام میں کہا کہ نواسہ رسولﷺ نے حق و باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یوم عاشور ہر سال اسلامی تاریخ کے لا زوال واقعے کی یاد دلاتا ہے، کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے ثابت کر دیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کے لیے ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے صبر اور بہادری کے ساتھ حق حریت کی حفاظت کا پیغام دیا، نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیغام پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں وطن عزیز اور قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر مسلکی اور لسانی اختلافات کو بھلا کر اپنے اندر ایثار و قربانی ، مساوات ، رواداری اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔
https://taghribnews.com/vdcb50b59rhbwsp.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ