تاریخ شائع کریں2012 28 March گھنٹہ 14:02
خبر کا کوڈ : 88509
ایس آئی او کے جلسہ سے اجیت ساہی اور دوسروں کا خطاب:

فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت

تنا (TNA) برصغیر بیورو :
فلسطین ایک انسانیت کا مسئلہ ہے۔ پوری دنیا کے عوام کو مذاہب و مسالک سے بالا تر ہوکر فلسطین پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرنی چاہئے۔
فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت

 تقریب نیوز (تنا): فلسطین کی آزادی کا حقیقی تصور یہ ہے کہ فلسطینیوں کی ملکیت فلسطینیوں کے حوالہ کی جائے۔ ہندوستان میں اسرائیل کی نمائندگی کرنے والی تنظیمیں آر ایس ایس اور وی ایچ پی ہیں اور ہندوستانی باشندے اس بات کو اچھی طرح سمجھ لیں کہ آر ایس ایس ہندو دھرم کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ ان ہی کی سازشوں کا نتیجہ ہے کہ آج پولیس اسٹیشن اور عدالتوں کے اعلیٰ عہدیدار مذہب کی بنیاد پر اپنا فیصلہ اور اقدامات جاری کرتے ہیں اور معصوم مسلمانوں کو سالوں تک قید خانوں میں بند کردیتے ہیں۔ اس طرح یہ اپنی سازشوں سے انصاف کا گلا گھونٹتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مسٹر اجیت ساہی (سابق ایڈیٹر تہلکہ) نے ایس آئی او کی جانب سے منعقد کردہ "ایک میل مارچ"میں کیا۔

انہوں نے اپنے فلسطینی دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام اپنے ایمانی جذبے کی بدولت موت سے بے پرواہ اسرائیلی ظلم سے بے خوف ہو کر زندگی گزارتے ہیں۔

اس موقع پر ایس آئی او اور فرینڈس آف فلسطین کے نوجوان فلسطینی عوام کی حمایت اور بازیابی مسجد اقصیٰ اور اسرائیلی بربریت کے خلاف پُر شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ اس جوش کو سراہتے ہوئے اجیت ساہی نے کہا کہ اس جوش و جذبہ کا ذکر وہ 30 مارچ کو ہونے والے یروشلم کے گلوبل مارچ کے موقع پر ضرور فلسطینی عوام تک پہنچائیں گے۔

اس پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد افتتاحی کلمات کے طور پر جناب حامد محمد خان صدر ایم پی جے نے مخاطب کرتے ہوئے میڈیا کے یکطرفہ برتاؤ کی سختی سے مذمت کی۔

انہوں نے اسرائیلی بربریت پر یو این او کی خاموشی پر سختی سے مذمت کی۔

مُتو کرشنن صحافی و سماجی کارکن ٹامل ناڈو شریک رکن یروشلم گلوبل مارچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کے جذبات غزہ کی یاد دلاتے ہیں۔ آج ہندوستان کی حکومت کو اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات و معاملات پر نظر ثانی کرنی چاہئے اور پالیسیوں کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے۔ اس موقع پر جناب اسلام الدین مجاہد نے اسرائیل کے مظالم کی سختی سے مذمت کی۔

احتجاجی جلسہ کی صدارت ڈاکٹر خالد مبشر الظفر سابق صدر ایس آئی او آندھرا پردیش و ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدر آباد نے کی اور اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اسرائیل اپنے نت نئے پراجکٹس کے ذریعہ مسجد اقصیٰ کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہا ہے۔

انہوں نے اپنے خدشات کا اظہار کیا کہ اگر ہم خاموش رہیں تو ایسا لگتا ہے کہ اسرائیل اپنے ناپاک عزائم کے قریب پہنچے گا۔

انہوں نے ایس آئی او اور فرینڈس آف فلسطین کے نوجوانوں کو احتجاجی جلسہ منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پوری انسانیت کو یکجٹ ہو کر اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف اپنی آواز بلند کرنا چاہئے۔

برادر نذیر کنوینر فرینڈس آف فلسطین (FOP) کا تعارف پیش کیا اور ایک میل مارچ کا مقصد یروشلم گلوبل مارچ کے شریک ارکان سے اظہار یکجہتی اور اس مارچ سے اپنی وابستگی کا اظہار ہے۔

آخر میں برادر انس رضوی انجینئر صدر ایس آئی او شہر حیدرآباد نے قرار دادیں پیش کرتے ہوئے حکومت ہند سے اس بات کا مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں کہ وہ ظلم و بربریت کا ننگا ناچ بند کرے اور فوراً سفارتی تعلقات ختم کرے۔ سامعین نے قراردادوں کو نعرہ تکبیر کی گونج میں منظور کیا۔ جلسہ میں شہر کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں نوجوانوں و بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی۔

https://taghribnews.com/vdcb9sbw.rhbwgpvkur.html
منبع : روزنامہ اعتماد
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ