تاریخ شائع کریں2017 26 September گھنٹہ 23:52
خبر کا کوڈ : 285746

ملت تشیع کے نوجوانوں نے ہمیشہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا:علامہ راجہ ناصر

دہشت گردی کے ساتھ ہمیں ریاستی جبر کا شکار نہ بنایا جائے۔علامہ راجہ ناصر
ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ملت کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو انکے گھروں سے اغوا کیا گیا، جنکی تاحال کوئی اطلاع نہیں،علامہ راجہ ناصر
ملت تشیع کے نوجوانوں نے ہمیشہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا:علامہ راجہ ناصر
پاکستان: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا ہے کہ ملت تشیع کے لاپتہ بے گناہ نوجوانوں اور علماء کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نوجوانوں کی جبری گمشدگی اہل خانہ کے لئے اذیت کا باعث بنی ہوئی ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ملت کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ان کے گھروں سے اغوا کیا گیا، جن کی تاحال کوئی اطلاع نہیں، کئی سال گزرنے کے بعد بھی بیشتر نوجوانوں کو نہ تو عدالتوں کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ان کے اہل خانہ کو ان کی خیریت سے آگاہ کیا جا رہا ہے، یہ اقدام بنیادی انسانی حقوق کے منافی اور آئین پاکستان سے روگردانی ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ملت تشیع کے نوجوانوں نے ہمیشہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا اور قانون و آئین کی پاسداری کی ہے، اگر کوئی نوجوان کسی جرم میں ملوث ہے تو اسے عدالت میں باضابطہ طور پر پیش کیا جانا چاہیے، سزا و انصاف کا فیصلہ کرنا عدلیہ کا کام ہے، ملک کے کسی بھی ادارے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش کئے بغیر کسی بھی شہری کو اس طرح حراست میں رکھے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گمشدہ افراد کی بازیابی کے مطالبے کو گذشتہ کئی سالوں سے دہرا یا جا رہا ہے، پانچ کروڑ سے زائد افراد پر مشتمل ملت تشیع کے مسائل سے دانستہ غفلت حکومت کی سیاسی ساکھ کے لئے بھی سخت نقصان دہ ثابت ہوگی، دہشت گردی کے ساتھ ہمیں ریاستی جبر کا شکار نہ بنایا جائے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کی اس پامالی کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملت کے جبری گمشدہ نوجوانوں کی فوری بازیابی کے احکامات صادر کئے جائیں۔
https://taghribnews.com/vdcbasb50rhbwzp.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ