تاریخ شائع کریں2017 11 February گھنٹہ 17:39
خبر کا کوڈ : 259808

سوئیڈن کے وزیراعظم کی تہران آمد

ایران سوئیڈن تعلقات کے فروغ پر زور
تہران :صدر روحانی اور سوئیڈن کے وزیراعظم کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب
سوئیڈن کے وزیراعظم کی تہران آمد
تہران میں سوئیڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ یورپی کمپنیوں اور بینکوں کے ساتھ ایران کے لین دین اور شرکت کی مکمل حمایت کرے۔

ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ جامع ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے آغاز کے بعد سے سوئیڈن سمیت، تمام یورپی ملکوں کے ساتھ ایران کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور سوئیڈن کے درمیان ٹرانسپورٹ، ماحولیات، ٹیلی مواصلات، انفارمیشن ٹکنالوجی اور صنعت و کانکنی کے شعبوں میں تعاون کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے سوئیڈن کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں افغانستان، عراق، شام اور یمن سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا کہ ایران اور سوئیڈن، شام میں جنگ بندی جاری رہنے، شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان مذاکرات اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر زور دیتے ہیں۔

سوئیڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفون نے اس موقع پر کہا کہ ان کے ملک کا ایک بڑا تجارتی وفد بھی تہران آیا ہے جو ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور اسٹیفن لوفون کے درمیان مذاکرات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے پانچ سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے۔

ان سمجھوتوں کے تحت ایران اور سوئیڈن، سائنس و ٹیکنالوجی، اعلی تعلیم، ریسرچ، مواصلاتی نظام، ٹیلی مواصلات، نیز سماجی امور میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ سوئیڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفون، صدر مملکت حسن روحانی کی دعوت پر ایک اعلی سطحی سیاسی اور تجارتی وفد کے ہمراہ جمعے کی شب تہران پہنچے تھے۔

سوئیڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفون کی باضابطہ استقبالیہ تقریب ہفتے کی صبح تہران کے سعد آباد کمپلکس میں منعقد ہوئی جہاں صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور ایرانی فوج کے چاق و چوبند دستے نے سوئیڈن کے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
https://taghribnews.com/vdcbg9b5wrhbswp.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ