تاریخ شائع کریں2016 14 November گھنٹہ 13:59
خبر کا کوڈ : 250906

پاکستان کا ٹرمپ سے بالواسطہ رابطہ

نئی امریکی انتظامیہ سے ہم آہنگی کی کوششیں
ٹرمپ دہشتگردی کیخلاف بہت سخت موقف اختیار کرینگے،،ساجد تارڑ
پاکستان کا ٹرمپ سے بالواسطہ رابطہ
اسلام آباد: پاکستان نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ انکے ایک قریبی ساتھی کے ذریعے رابطہ کیا ہے تاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ اور جنوبی ایشیا کی پیچیدہ صورتحال جیسے اہم امور پر نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔

ان رابطوں سے آگاہ ایک اعلیٰ افسر نے ’’ایکسپریس ٹربیون‘‘ کو بتایا کہ امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا جس میں انہیں صدر منتخب ہونے کی مبارکباد دی اور پاکستانی حکومت کی طرف سے مل کر کام کرنیکی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان سفارتی ذرائع کے علاوہ حکومت نے غیر روایتی ذرائع اختیار کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں کے ذریعے بھی بالواسطہ رابطہ کیا ہے۔ ان مشیروں میں سے ایک پاکستانی نژاد امریکی ساجد تارڑ ہیںجن سے پاکستان نے رابطہ کیا ہے۔

ساجد تارڑ اس وقت نمایاں ہو کر سامنے آئے جب انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مسلمانوں کی حمایت حاصل کرنے کی تحریک شروع کی جو کہ ایک جراتمندانہ اور غیرمقبول فیصلہ تھا کیونکہ پاکستانیوں سمیت مسلمانوں کی اکثریت ہلیری کلنٹن کی حامی تھی۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ساجد تارڑ امریکہ میں نمایاں شخصیت بن کر ابھرے ہیں، وہ ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے کے لیے مقرر کیے گئے 36مشیروں میں سے ایک ہیں۔ ساجد تارڑ کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے وہ 30 سال قبل امریکا گئے تھے انھیں 90 کی دہائی میں امریکی شہریت ملی، وہ اکثر پاکستان آتے رہتے ہیں اور اسلام آباد میں بھی انکا ایک گھر بھی ہے۔ انھیں ٹرمپ انتظامیہ میں اہم ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔

ساجد تارڑ نے گزشتہ روز ’’ایکسپریس ٹریبون‘‘ کو فلوریڈا سے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اس امر کی تصدیق کی کہ حکومت پاکستان نے ان سے رابطہ کیا ہے تاکہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی حکومت تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ تاہم انھوں نے واضح کیا کہ ٹرمپ دہشتگردی کیخلاف بہت سخت موقف اختیار کرینگے، اس معاملے پر اب سیدھی بات ہوگی۔ انھوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنا گھر درست کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ٹرمپ انتظامیہ دہشتگردی کے معاملے پر محض لفاظی برداشت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پراؤڈ پاکستانی اور پراؤڈ مسلم امریکن کے طور پر وہ نئے امریکی صدر سے درخواست کرینگے کہ وہ پاکستان کی مالی امداد پر نظر ثانی کریں۔ کئی دہائیوں سے امریکی امداد عام پاکستانیوں تک نہیں پہنچ سکی بدقسمتی سے صرف امیروں اور اشرافیہ نے ہی اس سے فائدہ اٹھایا ہے یہ عمل اب تبدیل ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے ٹرمپ اپنے سابق صدور کی پالیسیوں کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور یقیناً وہ افغانستان اور جنوبی ایشیا کے حوالے سے اپنی حکمت عملی اختیار کرینگے۔
https://taghribnews.com/vdcbggb50rhbs9p.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ