تاریخ شائع کریں2017 23 January گھنٹہ 16:06
خبر کا کوڈ : 257928

ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیاں واضح نہیں ہیں، ترجمان وزارت خارجہ

ٹرمپ انتظامیہ کے بارے میں فی الحال کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا
نئےامریکی صدر نے عالمی مسائل اور معاملات کے بارے میں متضاد بیانات دیئے ہیں:وزارت خارجہ ایران
ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیاں واضح نہیں ہیں، ترجمان وزارت خارجہ
ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ اسلام اور مختلف علاقائی و عالمی معاملات کے بارے میں نئی امریکی حکومت کی پالیسیاں واضح نہیں ہیں لہذا اس کے جائزے کے لیے ہمیں صبر کرنا ہو گا۔

تہران میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران، آئی آر آئی بی کی بیرونی سروس کے نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، بہرام قاسمی نے کہا کہ ماضی کے امریکی صدور کی واضح پالیسیاں اور موقف انتخابی مہم کے دوران سامنے آجایا کرتے تھے لیکن ٹرمپ انتظامیہ کے بارے میں فی الحال کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نئے  امریکی صدر نے عالمی مسائل اور معاملات کے بارے میں متضاد بیانات دیئے ہیں لہذا ان کی پالیسیوں کے بارے میں کوئی واضح رائے قائم نہیں کی جا سکتی۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شام کے بارے میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں کہا کہ جنگ بندی کو پائیدار بنانا مذاکرات کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات اس لحاظ سے اہم ہیں کہ اس میں بہت کم ممالک شریک ہیں اور ایران، روس اور ترکی نے یہ قدم اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک، آستانہ مذاکرات کو آگے لے کر جانے میں پرعزم ہیں۔

بہرام قاسمی نے بحرین کی تجویز پر عرب لیگ میں ایران مخالف کمیٹی کے قیام کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بحرین کو اندرونی بحران کا سامنا ہے جس سے توجہ ہٹانے کے لیے وہ بیرونی دشمن کی تلاش میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بحرین کو اچھی طرح معلوم ہے کہ ایران اور بعض دوسرے ملکوں کے بارے میں ان کے دعوے بے بنیاد اور حقائق سے عاری ہیں۔

روہنگیا مسلمانوں کے بارے میں ملائیشیا میں ہونے والے اسلامی تعاون تنطیم کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تہران، روہنگیا مسلمانوں کے تعلق سے اپنی پوری کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل کے نام اپنے خط میں بھی روہنگیا مسلمانوں کی صورت حال پر ان کی توجہ مبذول کرائی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کی بالادستی کے لیے ٹھوس اور موثر عالمی کوششیں انجام پائیں گی۔
https://taghribnews.com/vdccimqi42bqpo8.c7a2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ