تاریخ شائع کریں2017 26 June گھنٹہ 10:44
خبر کا کوڈ : 272995

پاراچنار سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور احتجاجی مظاہرے ہونگے

مقامی رضارکار فورس کو ہٹانے کا مقاصد اور اہداف کا اب پتہ چل رہا ہے۔ ہم کرم ملیشیاء کی واپسی کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں
پاراچنار میں سو سے زائد لوگ شہید ہوچکے ہیں، سینکڑوں لوگ زخمی ہیں، جو موت و حیات کی کشمکش میں ہیں، بار بار اس علاقے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہمیں سکیورٹی اداروں اور نام نہاد حکمرانوں کی طرف سے فقط طفل تسلیاں مل رہی ہیں
پاراچنار سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور احتجاجی مظاہرے ہونگے
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات میں پورے ملک میں مظلومین پاراچنار سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور احتجاجی مظاہرے ہونگے اور اگر مطالبات منطور نہیں ہوئے تو پھر مظاہروں کا داءرہ وسیع کرکے اسے پوری دنیا میں پھیلا دیا جائے گا.

تقریب خبر رساں ایجنسی کے مطابق پارا چنار میں حالیہ دہشتگردی کے اندوہناک واقعے کے بارے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوءے کہا کہ ملک حادثوں کی زد میں ہے اور وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کے لئے بھاگ دوڑ میں مصروف ہیں، ہر دوسرے دن مظلوم محب وطن لوگوں کے گھر لٹتے اور برباد ہوتے ہیں، سیاسی جماعتیں صرف مذمت کرکے کے پیچھے ہٹ جاتی ہیں، ہم بحثیت قوم بےحس ہوچکے ہیں، ملک کی کسی کو فکر نہیں، حکمرانوں اور سیاست دانوں کی جائیدادیں اور کاروبار باہر ہیں، یہاں صرف حکمرانی کا مزہ لینے آتے ہیں، ان کو پاکستان سے نہیں پاکستان کے قومی وسائل لوٹنے سے سروکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں سو سے زائد لوگ شہید ہوچکے ہیں، سینکڑوں لوگ زخمی ہیں، جو موت و حیات کی کشمکش میں ہیں، بار بار اس علاقے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہمیں سکیورٹی اداروں اور نام نہاد حکمرانوں کی طرف سے فقط طفل تسلیاں مل رہی ہیں۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاراچنار کے ان سانحات میں اگر غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوئیں تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، لیکن یہ کسی بھی طرح ممکن نہیں، آج تیسرے دن سے پاراچنار کے عوام دھرنا دیئے احتجاج کر رہے ہیں، لیکن نہ ان مظلوموں کی طرف کوئی توجہ دے رہا ہے، نہ ہی کوئی ریاستی ادارہ یا حکومتی کارندے ان کے مطالبات کو سننے کیلئِے تیار ہیں۔ پاراچنار اس وقت پاکستان کا غزہ بن چکا ہے، انٹرنیٹ، موبائل سروسز مکمل طور پر ریاست کی طرف سے بند ہیں، تاکہ ان مظلومین کی آواز دنیا تک نہ پہنچ سکے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ مظلومین کی فریاد ہے، جسے کوئی بھی نمرود و فرعون نہیں دبا سکے گا، ان شاء اللہ نماز عید کے اجتماعات میں پورے ملک میں مظلومین پاراچنار سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور احتجاجی مظاہرے ہونگے، پاراچنار کے لوگوں کو حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے، مقامی رضارکار فورس کو ہٹانے کا مقاصد اور اہداف کا اب پتہ چل رہا ہے۔ ہم کرم ملیشیاء کی واپسی کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ایک طرف دہشتگردوں کا راستہ صاف کرکے ان کو ہماری نسل کشی کا ٹاسک دیا گیا ہے، دوسری طرف جب لوگ احتجاج کے لئے نکلتے ہیں تو سکیورٹی اداروں میں موجود متعصب لوگ بےگناہوں پر گولیاں برساتے ہیں، آخر اس ملک میں ہونے کیا جا رہا ہے۔؟ ایک آپریشن ابھی جاری تھا دوسرا ردالفساد کے نام سے اعلان کیا گیا، لیکن ہماری نسل کشی میں کمی کی بجائے روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، کالعدم گروہوں کو پاکستان میں کھلی چھٹی ہے کہ وہ جو چاہے مرضی کریں، خدارا ملک عزیز پاکستان پر رحم کریں اور محب وطن لوگوں پر زمین تنگ کرنے کا سلسلہ بند کریں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاراچنار کے عوام کے مطالبات فوری حل نہ کئے گئے تو احتجاج کا سلسلہ بعید نہیں پورے ملک میں شروع ہو جائے، پاراچنار کے عوام کرپٹ اور دہشتگردوں کے سہولت کار پولیٹیکل ایجنٹ اور اداروں میں موجود متازع لوگوں سے مذاکرات کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ یہ لوگ عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکے ہیں، عوام ان سانحات کو متعلقہ ذمہ داران کی دہشتگردوں سے ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے اعلٰی حکام پاراچنار کے عوام کے تحفظات دور کریں، کرم ایجنسی کے مظلومین سب سے زیادہ پڑھے لکھے ہیں، محب وطن اور پرامن قوم ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایف سی کا کرنل اجمل ملک سکیورٹی کے نام پر وہاں کی خواتین کی بےحرمتی کرتا ہے، نہتے عوام پر دہشتگردوں کیساتھ مل کر گولیاں برساتے ہیں، لیکن اس متنازع کرنل کو وہاں سے ہٹایا نہیں گیا، وہاں پر ایسے افراد کو تعینات کیا جائے، جو وہاں کے لوگوں کے رسم و رواج اور قبائل کی تاریخ سے آگاہ ہو۔

 
https://taghribnews.com/vdcdnx0xkyt05n6.432y.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ