تاریخ شائع کریں2017 25 June گھنٹہ 11:05
خبر کا کوڈ : 272888

پنجاب: احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر الٹنے سے آتشزدگی/ ۲۵۰ افراد ہلاک اور زخمی

آئل ٹینکر الٹنے کے بعد علاقہ مکینوں نے تیل جمع کرنا شروع کردیا تھا جس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
آئل ٹینکر سے نکلتے ہوئے پیٹرول کو جمع کرنے کے لیے مقامی گاؤں کے 300 سے زائد افراد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگنے سے ٹینکر پھٹ گیا۔
پنجاب: احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر الٹنے سے آتشزدگی/ ۲۵۰ افراد ہلاک اور زخمی
صوبہ پنجاب کے علاقے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 125 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر الٹنے کی وجہ سے بہنے والے تیل میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 125 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ قومی شاہراہ پر پکا پل کے قریب پیش آیا جب ایک تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا جس سے بڑی مقدار میں آئل بہنے لگا اور علاقہ مکینوں نے تیل جمع کرنا شروع کردیا جس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) رانا محمد سلیم افضل نے 123 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا اور بتایا کہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ میں 40 سے زائد زخمی ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان زخمیوں کا 60 فیصد سے زیادہ جسم جھلس چکا ہے اور انہیں ملتان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

آئل ٹینکر سے نکلتے ہوئے پیٹرول کو جمع کرنے کے لیے مقامی گاؤں کے 300 سے زائد افراد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگنے سے ٹینکر پھٹ گیا۔

ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کے نزدیک موجود گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی آتش زدگی کے لپیٹ میں آکر خاکستر ہوگئیں۔

فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق قومی شاہرہ سے متصل بستی موضع رمضان جوئیہ سے ہے جو آئل ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرنے کی غرض سے ٹینکر کے ارد گرد جمع تھے۔

ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں طبی سہولیات کی کمی اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت کے باعث حادثے کے مزید زخمیوں کو ملتان منتقل کیا جارہا جبکہ اس واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور صوبائی انتظامیہ کو زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے ہدایت جاری کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب جاری کردہ ایک بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واقع پر افسوس کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے جو لاشوں اور زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال اور برن سینٹر منتقل کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
https://taghribnews.com/vdcevw8wvjh8fvi.dqbj.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ