تاریخ شائع کریں2017 25 June گھنٹہ 12:22
خبر کا کوڈ : 272914

سانحہ پارا چنار: عوام کا پولیٹیکل انتظامیہ کے دفتر کے سامنے دھرنا

شہداء کے لواحقین کا صرف وزیر اعظم یا آرمی چیف سے مذاکرات کرنے کا اعلان/ علاقے میں مواصلاتی زرائع منقطع
احتجاجی مظاہرے میں شامل افراد نے پاکستان بھر کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہدائے پارا چنار کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے ہر شہر میں نماز عید کا ایک اجتماع کرکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں
سانحہ پارا چنار: عوام کا پولیٹیکل انتظامیہ کے دفتر کے سامنے دھرنا
پاکستان کے قبائلی علاقے پارا چنار میں گذشتہ دنوں ہونے والے دہشتگردانہ واقعات میں شہادتوں کی تعداد سو سے زیادہ ہو گئی ہے۔

پارا چنار سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقے پارا چنار میں گذشتہ دنوں ہونے والے دہشتگردانہ واقعات میں شہادتوں کی تعداد سو سے زیادہ ہو گئی ہے اور مقامی افراد نے پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا۔

زرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت تقریبا بیس ہزار سے زائد افراد پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور انہوں نے کسی بھی مقامی افسر یا انتظامیہ سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

شہدا کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ صرف آرمی چیف یا وزیراعظم سے مذاکرات کریں گے اور مطالبات کی منظوری تک دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

شہدا کے لواحقین نے اعلان کیا ہے کہ اگر دھرنا جاری رہا تو نماز عید کا اجتماع بھی دحرنے کے مقام پر ہو گا۔

احتجاجی مظاہرے میں شامل افراد نے پاکستان بھر کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہدائے پارا چنار کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے ہر شہر میں نماز عید کا ایک اجتماع کرکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں۔

قابل ذکر ہے کہ دھرنے کی جگہ پر موبائل نیٹ ورک بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی چینل دھرنے کی لائیو کوریج نہیں کرپا رہا۔

ادھر سانحہ پاراچنار کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

مظاہرین سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ اقبال حسین بہشتی نے مطالبہ کیا کہ پارا چنار میں ایف سی کی جگہ کرم ملیشیا کو واپس بلایا جائے اور جن ایف سی اہلکاروں نے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کی ہے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

جامعہ رضویہ فیصل آباد میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور پارا چنار میں دہشتگردی کے تازہ واقعات حکومت کی ناکامی ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کوئٹہ اور پارا چنار کے تازہ سانحات کے پیش نظر سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان عید سادگی سے منائیں گے۔ 

اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ پاراچنار کے چاروں اطراف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کے باوجود دہشت گردی کے واقعات کا رونما ہونا اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کی جانب سے دہشتگردی کے ان واقعات میں قیمتی انسانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے، دہشتگردی کے واقعات بدترین جرم اور معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ 

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے بھی سانحہ پارا چنار کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی نا اہلی قرار دیا ہے اور پورے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز عید فطر کے موقع پر پازووں پر کالی پٹیاں باندھ کر نماز ادا کریں۔
https://taghribnews.com/vdcezw8wejh8foi.dqbj.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ