تاریخ شائع کریں2016 22 September گھنٹہ 15:26
خبر کا کوڈ : 245690

نیویارک :پاکستانی وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات

پاکستان اور ایران کی سکیورٹی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے،ایرانی صدر
دونوں رہنماﺅں کا پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار
نیویارک :پاکستانی وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات
پاکستانی وزیراعظم محمد نواز شریف اور ایران کے صدر حسن روحانی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بدھ کو ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گوادر اور چاہ بہار بندرگاہیں خطہ میں تجارت کے فروغ کے سلسلے میں معاون کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ شام کے مسئلے کے پرامن حل کیلئے عالمی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی سکیورٹی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور ایران، پاکستان کی ترقی کو اپنی ترقی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافے کی ضرورت ہے، پاکستان اور ایران کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے اقتصادی راہداری کیلئے وزیراعظم نواز شریف کے وژن کو سراہا اور کہا کہ ایران کو ریڈور سے منسلک ہونا چاہتا ہے، دونوں ممالک کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ایران پر معاشی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد پاکستان اس کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم دگنا کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن اور توانائی کے دیگر منصوبوں کیلئے فوکل پرسن متعین کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ 1967ء سے ایران کا دورہ کر رہے ہیں اور انہیں تہران اور ایران کے عوام سے لگاﺅ ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کی راہ میں حائل فنی رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر کو مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ عوام پر بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
https://taghribnews.com/vdcf1td0xw6djva.k-iw.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ