تاریخ شائع کریں2017 14 August گھنٹہ 13:32
خبر کا کوڈ : 279423

پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کا احوال

یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا
چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ 'مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاک-چین تعلقات آزمائشوں پر پورے اترے ہیں، حسن عمل کی دوستی عمر بھر چلتی ہے'۔
پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کا احوال
پاکستان بھر میں آزادی کے 70 سال مکمل ہونے کا جشن جاری ہے۔ یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی جہاں صدر پاکستان ممنون حسین نے قومی پرچم لہرایا۔

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مہمان خصوصی چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ بھی موجود تھے۔

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں اپنے خطاب میں پاکستان کو 71ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کی دعوت اور چینی صدر شی جن پنگ کی ایماء پر یہاں چین کی نمائندگی کررہا ہوں اور 20 کروڑ پاکستانی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہوں'۔

پاکستانیوں کی قربانیوں اور جدوجہد کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی عوام نے 70سال کے دوران جدوجہد کرکے اپنے ملک کا تحفظ یقینی بنایا اور وسائل کی کمی کے باوجود ملک کی ترقی کے لیے محنت کی'۔

پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'چین اور پاکستان ایک دوسرے سے منسلک ہیں جبکہ جدید دور یکساں مصائب اور جدوجہد کی تاریخ کی بدولت دونوں ممالک ایک ساتھ کھڑے ہیں'۔

چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ 'مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاک-چین تعلقات آزمائشوں پر پورے اترے ہیں، حسن عمل کی دوستی عمر بھر چلتی ہے'۔

سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کی دعا کرتے ہوئے اپنے خطاب میں صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ 'چین کے اعلیٰ سطح کے وفد کی موجودگی آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کررہی ہے'۔

چین کے نائب وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ چینی وفد کی موجودگی اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ 'پاکستان اور چین اہم عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ قوم گروہی اور طبقاتی مفادات سے اٹھ کر اپنے درمیان وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرے، جمہوری رویے میں بلوغت اور پختگی جبکہ قومی ترقی اور استحکام کی ہمواری کا راستہ یہی ہے۔

ملکی مسائل کے حل کی تجویز دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ غیر جذباتی طریقے سے ان مسائل کا جائزہ لے کر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دیا جائے'۔

صدر ممنون حسین کا مزید کہنا تھا کہ 'قوم امید رکھتی ہے کہ قائدین گروہی مقاصد سے اوپر اٹھ کر ملک کے مستقبل کی حفاظت کریں گے'۔

کنونش سینٹر میں ہونے والی تقریب کے اختتام کے بعد صدر، وزیراعظم، چین کے نائب وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جمہوریت کے گمنام مشاہیر کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

علی الصبح صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے کیڈٹس نے مزارقائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے

اس سے قبل مزارِ اقبال پر ہونے والی خصوصی تقریب میں پاک فوج کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

70 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کی تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں ، سڑکوں اور شاہراہوں کو چراغاں، قومی جھنڈوں، قومی مشاہیر کی تصاویر، بینرز اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔

ادھر تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں ، سڑکوں اور شاہراہوں پر نہایت دلفریب چراغاں کیا گیا ہے اور انہیں قومی جھنڈوں، قومی مشاہیر کی تصاویر، بینرز اور جھنڈیوں کے ذریعے بہت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جو انتہائی دلکش منظر پیش کررہی ہیں۔

آزادی کے جشن کو چار چاند لگانے کے لیے آزادی ٹرین بھی اسلام آباد سے اپنے سفر کا با ضابطہ آغاز کرچکی ہے۔

اس خصوصی ٹرین میں تحریک پاکستان کے مختلف پہلووؤں، ملکی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا گیا ہے، ٹرین تمام صوبوں میں جائے گی جبکہ عوام ٹکٹ کے بغیر ٹرین کو دیکھ سکتے ہیں۔
https://taghribnews.com/vdcgxy9xwak9ut4.,0ra.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ