تاریخ شائع کریں2017 9 February گھنٹہ 17:09
خبر کا کوڈ : 259589

بوکو حرام کے حملے کی خفیہ ویڈیو کی ان کہی داستان

بوکوحرام کی پر تشدد کارروائیوں نے نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں لوگوں کی زندگیاں تباہ کر دی ہیں،
بوکو حرام کے حملے کی خفیہ ویڈیو کی ان کہی داستان
نائیجیریا کی دہشت گرد تنظیم بوکوحرام نے 2014 اور 2015 میں نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے پر قبضہ کرکے نام نہاد اسلامی ریاست کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ ’’بے نقاب دہشت‘‘ کے عنوان سے ایک سلسلے وار رپورٹ کے اس دوسرے حصے میں وائس آف امریکہ کی طرف سے حاصل کی گئی بوکو حرام کی ایک خفیہ ویڈیو کے تناظر میں اس دہشت گرد تنظیم کے ناکام حملے اور رات کی تاریکی میں ہلاکت خیز واپسی کی تفصیل پیش کی جا رہی ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ شمال مشرقی نائیجیریا کے ایک دور دراز گاؤں میں بوکوحرام کے جنگجو حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اُن کا ہدف ایک فوجی بیرک ہے جس کے دفاع کیلئے بھاری توپیں اور ایک ٹینک موجود ہے۔

یہ دہشت گرد تنظیم 2013 سے تمام تر شمال مشرقی علاقے میں سرکاری اور شہری اہداف کو شدید حملوں کا نشانہ بناتی آئی ہے۔ ان کارروائیوں میں 18,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں فوجی، دہشت گرد اور بے گناہ شہری شامل ہیں۔

وائس آف امریکہ کو حاصل ہونے والی یہ ویڈیو ، جسے بوکوحرام نے ریکارڈ کیا تھا، اس سے پہلے کبھی بھی منظر عام پر نہیں آئی۔ ویڈیو میں بوکوحرام کے حملوں کی تفصیل پیش کی گئی ہے اور نائیجیریا کے ان شہریوں کی ہلاکتیں اور حالت زار دکھائی گئی ہے جو ان کے ہتھے چڑھ گئے تھے۔

مصنوعی سیارے کے ذریعے حاصل کی گئی تصاویر کی بنیاد پر وائس آف امریکہ کا خیال ہے کہ یہ حملہ بانکی کے قصبے میں ہوا۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں بوکوحرام گروپ 2014 کے آخر اور 2015 کے دوران اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھا۔

جنگجو لڑائی سے قبل رائفلیں اور آر پی جی یعنی راکٹ سے پھینکنے والے گرینیڈ ہاتھوں میں تھامے اکٹھے ہوتے ہیں۔
ان میں سے بہت سے نوجوان لڑکے ہیں جنہیں ان کی بستیوں سے بوکوحرام میں بھرتی کیا گیا تھا۔ کچھ کی عمریں تو بیس سال سے بھی کم ہیں۔

کمانڈر ان سے عربی اور مقامی زبان کنوری میں خطاب کرتے ہیں اور انہیں مارنے یا مرنے کے لئے تیار کرتے ہیں۔ ایک لیڈر کہتا ہے۔ کہ اللہ کا کہنا ہے کہ شہیدوں میں سے بہترین وہ لوگ ہیں جو اگلی صفوں میں لڑتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو واپس نہیں مڑتے چاہے اُن کی جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔

کمانڈر کہتا ہے کہ ہم اُنہیں قتل کر دیں گے اور وہ بھی ہمیں ہلاک کر دیں گے۔ لیکن یاد رکھو۔ ہم اُن سے الگ ہیں۔ اسلام کے بارے میں ان کے مسخ شدہ تصور کے مطابق کافر موت کے حقدار ہوتے ہیں۔ حملے کی کمان چار کمانڈر کرتے ہیں جنہیں بوکوحرام کی اعلیٰ قیادت بھیجتی ہے۔

دستے روانہ ہوتے ہیں اور بیرکوں کے قریب گھروں میں چھپ جاتے ہیں۔ ہدف یعنی فوجی بیرکیں ریت کے تھیلوں، خندقوں اوردیوار میں گھر کر قلع نما شکل اختیار کیے ہوئے ہیں۔ بوکوحرام کا ویڈیو گرافر اگلی صفوں کے عقب سے ویڈیو بناتا ہے۔ پہلے فائرنگ ہوتی ہے اور پھر افراتفری پھیل جاتی ہے۔

ٹینک بیرکوں میں داخل ہونے کے راستے کی حفاظت کرتا ہے۔ حملہ آور طیارہ شکن توپ کو تیار کرنے کی کوشش کر تے ہیں۔ بیرکوں سے جواب میں بھاری گولہ باری ہوتی ہے۔ یہ گولا باری غروب آفتاب تک جاری رہتی ہے اور پھر رک جاتی ہے۔ کچھ حملہ آور ادھر اُدھر بھٹکنے لگتے ہیں۔

بوکو حرام کے جنگجو کئی سالوں سے نائجیریا کی فوجی چھاؤنیوں پر حملے اور انہیں نقصان پہنچاتے آ رہے ہیں ۔ فوجیوں کے پاس عموماً حربی سازوسامان کی قلت ہوتی ہے۔ لیکن وہ بہادری سے مقابلہ کرتے ہیں۔ بوکوحرام کی جانب ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے اور بیرکوں پر فوجیوں کا قبضہ بمشکل قائم رہتا ہے۔

اگلی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بوکوحرام علاقے کی مکمل چھان بین شروع کرتے ہیں۔ وہ خوراک، پیسہ اور کسی بھی کارآمد چیز کیلئے ایک مقامی لیڈر سے پوچھ گچھ کرتے ہیں۔ وہ بتاتا کہ میں پیسہ یا خوراک تقسیم نہیں کرتا۔ میرے پاس کچھ نہیں ہے۔ حتیٰ کہ فون بھی نہیں۔

لیکن یہ کسی پر رحم نہیں کھاتے۔جس لیڈر سے پوچھ گچھ کی جارہی تھی، اسے بھی دیگر افراد کے ساتھ جلد ہی ہلاک کر دیا جائے گا۔ شمال مشرقی علاقے کے سب شہری اس کہانی سے اچھی طرح واقف ہیں۔

بھتہ خوری اور بے انصافی پر مبنی ہلاکتیں۔۔۔ یہ بوکوحرام کی شناخت ہیں۔ وہ جب کسی گاؤں پر قبضہ کر لیتے ہیں تو لوگوں سے ان کے ان عزیزوں اور رشتے داروں کی وفاداری کے بارے میں تفتیش کرتے ہیں جو وہاں سے فرار ہو چکے ہوتے ہیں۔

بوکوحرام کی پر تشدد کارروائیوں نے نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں لوگوں کی زندگیاں تباہ کر دی ہیں، لاکھوں افراد کو بے دخل کر دیا ہے اور وہاں کی سماجی حیثیت کو تاراج کر دیا ہے۔

اسلام کے تصور کو اس قدر کیسے مسخ کیا جا سکتا ہے جو ان اذیتوں اور مصیبتوں کا جواز پیش کر سکے؟
https://taghribnews.com/vdch6wniw23nmmd.4lt2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ