تاریخ شائع کریں2016 27 December گھنٹہ 15:57
خبر کا کوڈ : 255197

پاک ایران گیس پائپ لائن پھر تاخیر کا شکار

پاکستانی وزارت تجارت کا دورہ ایران ملتوی
ایران نے ایک مرتبہ پھر گیس پائپ لائن معاہدے کی طے شدہ گیس قیمت میں کمی کی پاکستانی تجویز مسترد کر دی
پاک ایران گیس پائپ لائن پھر تاخیر کا شکار
روزنامہ ایکسپریس پاکستان نے جہاں ایران کی جانب سے گیس قیمت میں کمی کی پاکستانی تجویز کو مسترد کرنے کی خبر دی ہے وہیں پاکستانی وزارت تجارت کی جانب سے بینکنگ چینل کے قیام اور ایف ٹی اے کے لیے ایران کی طرف سے بھیجے گئے ڈرافٹ پر کسی بھی قسم کا کوئی اقدام نہ اٹھانے سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے حوالے سے خبر ہے کہ ایران نے ایک مرتبہ پھر گیس پائپ لائن معاہدے کی طے شدہ گیس قیمت میں کمی کی پاکستانی تجویز مسترد کر دی اور آزاد تجارتی معاہدے کے لیے بینکاری چینل کے قیام، ڈیوٹیز میں ریلیف سمیت دیگر عملی اقدامات کا مطالبہ بھی کر دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے اور گیس پائپ لائن پر مذاکرات اچانک ملتوی کر دیے گئے جس کی تصدیق وزارت تجارت اور وزارت پٹرولیم نے کر دی ہے۔

روزنامے نے وزارت پٹرولیم کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان کی طرف سے آئی پی گیس پائپ لائن کے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے معاہدے کی ڈیڈ لائن 2 سال قبل ختم ہوگئی تھی، اس وقت پاکستان نے موقف اختیار کیا تھا کہ ایران پر عالمی پابندیاں ہیں اس لیے گیس پائپ لائن پر عملدرآمد ممکن نہیں۔

روزنامہ ایکسپریس نے لکھا ہے کہ پاکستان نے ایران کی قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لیے معاہدے میں شامل گیس کی قیمتوں میں کمی کی درخواست کی تھی جسے ایران نے ایک مرتبہ پھر مسترد کر دیا ہے جس کی وجہ سے وزارت پٹرولیم کے منگل کو ایران جانے والا وفد کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح وزات تجارت کے وفد کو بھی وفاقی وزیر خرم دستگیر کی قیادت میں منگل کو ایران روانہ ہونا تھا یہ دورہ بھی اچانک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کے رابطے پر وزارت تجارت کے حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایف ٹی اے پر مذاکرات کو ری شیڈول کیا جائے گا، اب یہ مذاکرات آئندہ ماہ کے آخر میں ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت تجارت نے بینکنگ چینل کے قیام اور ایف ٹی اے کے لیے ایران کی طرف سے بھیجے گئے ڈرافٹ پر کوئی کام نہیں کیا جو مذاکرات معطل ہونے کی وجہ بنی۔
https://taghribnews.com/vdci3waryt1awz2.s7ct.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ