تاریخ شائع کریں2017 12 January گھنٹہ 15:20
خبر کا کوڈ : 256764

بھارت کی دوسری ’اسکورپین کلاس‘ آبدوز لانچ

بھارت جوہری آبدوزوں کی تیاری میں مصروف
جمعرات کو ممبئی میں اس آبدوز کی رونمائی کی گئی جس کا نام آئی این ایس کھاندیری ہے
بھارت کی دوسری ’اسکورپین کلاس‘ آبدوز لانچ
بھارت نے فرانسیسی ڈیزائن کے تحت تیار کردہ اپنی دوسری اسکورپین کلاس آبدوز لانچ کردی۔
بھارت کے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ممبئی میں اس آبدوز کی رونمائی کی گئی جس کا نام آئی این ایس کھاندیری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیزل اور الیکٹرک پاور سے چلنے والی یہ سب میرین مختلف آپریشنز میں استعمال کی جاسکتی ہے جس میں اینٹی سرفیس وارفیئر، اینٹی سب میرین وارفیئر، خفیہ معلومات کا حصول، بارودی سرنگیں بچھانا اور اور جاسوسی شامل ہیں۔

یہ آبدوز زیر آب اور پانی کی سطح سے گائیڈڈ ہتھیاروں، ٹورپیڈوز، ٹیوب لانچڈ اینٹی شپ میزائلز کے ذریعے ہدف کا کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس طرح کی آبدوزیں خفیہ کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہیں اور انہیں ہر طرح کے حالات میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

بھارتی بحریہ کے بیڑے میں شمولیت سے قبل اس آبدوز کی آزمائشی جانچ کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ممبئی کے مازاگون ڈاک میں فرانسیسی کمپنی کے تعاون سے 6 اسکورپین کلاس سب میرین کی تیاری کا 3 ارب ڈالر کا پروجیکٹ جاری ہے۔

اس سے قبل بھارت کے پہلے اسکورپین کلاس سب میرین ’کلواری‘ کو گزشتہ برس ستمبر میں لانچ کیا گیا تھا جو آزمائشی مدت پوری کرکے بھارتی بحریہ میں شامل ہونے کے قریب ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اس پروجیکٹ کے حوالے سے کافی خدشات پیدا ہوگئے تھے جب یہ خبریں منظر عام پر آئی تھی کہ بھارت کے اسکورپین کلاس سب میرین کا حساس ڈیٹا چوری ہوچکا ہے اور اس کی تفصیلات آسٹریلوی اخبارات میں شائع ہوئی تھیں۔

بعد ازاں بھارتی بحریہ نے یہ بیان جاری کیا تھا کہ آسٹریلوی میڈیا میں جاری کی جانے والی تفصیلات سے ان سب میرین کی آپریشنل استعداد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
https://taghribnews.com/vdcjmme8xuqeiaz.3lfu.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ