مجلس وحدت مسلمین نے شام میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی ہمشیرہ حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس پر تکفیریوں کے حملے کے خلاف 10 روزہ سوگ اور آج یوم احتجاج منانے کا اعلان کیاہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان :
حضرت زینب (س)کے روضہ اقدس پر حملے کے خلاف 10 روزہ سوگ اور آج یوم احتجاج
تنا (TNA) برصغیر بیورو
ایم ڈبلیو ایم , 20 Jul 2013 گھنٹہ 10:42
مجلس وحدت مسلمین نے شام میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی ہمشیرہ حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس پر تکفیریوں کے حملے کے خلاف 10 روزہ سوگ اور آج یوم احتجاج منانے کا اعلان کیاہے۔
تقریب نیوز (تنا): اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے جاری مذمتی بیان میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امین شہیدی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلم کے اہل خانہ کو بھی معاف نہیں کیا اور دہشتگردی کا نشانہ بنایا ہے۔
مولانا امین شہیدی نے کہا کہ دنیا پر واضح ہوگیا ہے کہ تکفیریوں کا اسلام اور انسانیت سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے، درندہ صفت لوگوں نے عالم اسلام کو ایک اور سانحہ سے دوچار کر دیا ہے۔
مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس پر حملے کی خبر نے مسلمانوں کو شدت غم سے نڈھال کر دیا ہے، اس واقعہ میں وہی قوتیں ملوث ہیں جنہوں نے جنت البقیع کو منہدم کرایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تکفیریوں نے پہلے شعائر اللہ، مزارات اولیاء کرام کو نشانہ بنایا اور اب اہل بیت علیہ السلام کے روضہ اقدس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
مولانا امین شہیدی کا کہنا تھا کہ شام کے پرامن حالات کو خراب کرنے میں عالمی طاقتیں ملوث ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اس سانحہ کیخلاف دس روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے اور آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائیگا۔ انہوں نے پاکستان میں تمام مکاتب فکر سے اپیل کی وہ اس سانحہ کی پرزور مذمت کریں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
خبر کا کوڈ: 136094