سامراجی قوتیں مسلم امہ کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، یوم القدس منانا عدل و انصاف کا تقاضہ ہے
تقریب نیوز (تنا): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور حلقہ این اے 48کے امید وار برائے قومی اسمبلی اسد عمر نے بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی سامراجی قوتیں مسلم امہ کو تقسیم کرنے کے در پے ہیں اور جمعة الوداع کو یو م القدس کے طور پر منانا عدل وانصاف کا تقاضہ ہے۔
اسد عمر کاکہنا تھا کہ امریکہ ایک عالمی دہشت گرد ہے اور مسلم امہ کا دشمن ہے جس کا ثبوت امریکہ کی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی سرپرستی کرنا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ صیہونی اسرائیل کی سرپرستی کر رہاہے تا کہ خطے میں عظیم اسرائیل کے ناپاک منصوبے پر عملدرآمد ہو سکے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے واضح کیا کہ غاصب اسرائیل کا مقصد صرف فلسطین پر قبضہ کرنا نہیں ہے بلکہ مسلمانوں کے قبلہ اول کی طرح کعبة اللہ پر قبضہ کرنا بھی صہیونی ناپاک منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
انہوں نے امید کا اظہار کیاہے کہ قبلہ اول بیت المقدس جلد آزاد ہو گا اور ہم سب ایک دن مسجد اقصیٰ بیت المقدس میں نماز ادا کریں گے۔