QR codeQR code

حجت الاسلام افضل حیدری :

عالم اسلام حضرت علی (ع) کے طرز حکومت کو اپنا کر غلامی سے نجات پاسکتا ہے

تنا (TNA) برصغیر بیورو

اسلام ٹائمز , 31 Jul 2013 گھنٹہ 12:38

یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دہشتگردی، ناانصافی سمیت تمام مسائل سیرت علوی پر عمل کرکے حل کئے جاسکتے ہیں۔


تقریب نیوز (تنا): وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام محمد افضل حیدری نے حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت پر پیغام میں کہا کہ پیامبر اکرم (ص) کی تعلیمات کی روشنی میں حضرت علی (ع) کا پیش کردہ الہی طرز حکومت آج بھی عالم اسلام کی مشکلات کا بہترین حل ہے، حضرت علی (ع) کے نزدیک ہر قیمت پر حصول اقتدار اور طول اقتدار کے لئے اصولوں کو پس پشت ڈالنا مذموم طریقے ہیں، آپ (ع) نے واضح فرمایا تھا کہ اگر حق و انصاف کے نفاذ کا مقصد نہ ہو تو فقط حکومت میرے نزدیک ایک پست و حقیر چیز ہے۔

اپنے عہد حکومت میں مصر کے گورنر مالک اشتر (رض) کے نام آپ (ع) کا مکتوب آج بھی ایک کامیاب عادلانہ نظام حکومت کا بہترین دستورالعمل ہے، جو ان کے خطبات و خطوط کے مجموعہ’’نہج البلاغہ‘‘ میں بھی موجود ہے، معمولی لباس اور سادہ ترین غذا استعمال کرنا اور بھائی کے اصرار کے باوجود اس کے وظیفہ میں اضافہ نہ کرنا آپ (ع) کی سیرت کے وہ روشن پہلو ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ حکمرانوں کیلئے قومی خزانے اور وسائل سے غلط فائدہ اٹھانا اسلامی طرز حکومت کے منافی ہے۔

حجت الاسلام محمد افضل حیدری کا کہنا تھا کہ وطن عزیز آج جن بحرانوں کا شکار ہے، ان کا تعلق حکمرانوں اور طرز حکومت سے ہے، جس کا واحد حل اسلامی نظام حکومت میں ہے، جس کا روشن نمونہ علی ابن ابی طالب (ع) کا انداز حکمرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی(ع) نے اسلام کی بقا کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، ان کی سیرت پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے اور ایک مومن کیلئے اس سے بڑی کوئی سعادت نہیں کہ وہ علی (ع) کے طرز زندگی سے معاشرے میں منافقت کو موت دے دے۔


خبر کا کوڈ: 137106

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/137106/عالم-اسلام-حضرت-علی-ع-کے-طرز-حکومت-کو-اپنا-کر-غلامی-سے-نجات-پاسکتا-ہے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com