QR codeQR code

شیعہ علماء کونسل پاکستان :

دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر پاکستان میں امن و استحکام ممکن نہیں

تنا (TNA) برصغیر بیورو

اسلام ٹائمز , 20 Aug 2013 گھنٹہ 13:18

راولپنڈی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آنیوالے سیلاب کے باعث ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔


تقریب نیوز (تنا): شیعہ علماء کونسل پاکستان کا سزائے موت پر عملدرآمد روکنے پر اظہار تشویش، فوری عملدرآمد کا مطالبہ، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر ملک میں امن و استحکام ممکن نہیں، کنٹرول لائن پر بھارتی دہشت گردی کی پرزور مذمت، افواج پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، عام انتخابات میں جھنگ سمیت ملک بھر میں بہترین سیاسی حکمت عملی اپنانے پر علامہ سید ساجد علی نقوی، سیکرٹری جنرل مولانا عارف واحدی اور پارلیمانی بورڈ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین، مصر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار، مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے۔

تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عارف حسین واحدی، چاروں صوبائی صدور سمیت تمام مرکزی عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے باعث ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی، جس میں سزائے موت پر عملدرآمد روکنے پر اظہار تشویش کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے کیونکہ جب تک بے گناہ عوام کے قاتلوں کو سزائیں نہیں دی جاتی اس وقت تک ملک معاشی طور پر نہ مستحکم ہوسکتا ہے اور نہ ہی امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ اور دہشت گردی کی بھی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ دفاع وطن کیلئے دی گئی افواج پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملکی دفاع کیلئے عوام کی بھرپور حمایت و تائید افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔
 
اجلاس میں عام انتخابات میں اپنائی گئی سیاسی حکمت عملی اور پارلیمانی بورڈ کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا اور اس موقع پر متفقہ قرارداد کے ذریعے علامہ سید ساجدعلی نقوی، سیکرٹری جنرل مولانا عارف حسین واحدی اور پارلیمانی بورڈ کے تمام عہدیداروں کو زبردست الفاظ میں میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
 
اجلاس میں مصر کی حالیہ صورتحال بھی زیر بحث آئی اور قاہرہ میں جاری قتل عام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام پر ظلم و بربریت کی بدترین مثال قرار دیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں عالمی ادارے اپنا موثر کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 138626

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/138626/دہشتگردوں-کو-کیفر-کردار-تک-پہنچائے-بغیر-پاکستان-میں-امن-استحکام-ممکن-نہیں

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com