QR codeQR code

مجلس وحدت مسلمین پاکستان :

شیعہ سنی کے درمیان اختلاف پیدا کرنیوالے ذلیل رسوا ہونگے

تنا (TNA) برصغیر بیورو

ایم ڈبلیو ایم , 31 Aug 2013 گھنٹہ 10:09

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ناصر عباس جعفری نے لاہور میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب میں ملک میں جاری دہشت گردی خصوصاً بھکر میں کالعدم تکفیری دہشت گردوں کے معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھکر واقعے نے ثابت کر دیا کہ پنجاب حکومت نے جانبداری اور شیعہ دشمنی کی انتہا کر دی ہے۔


تقریب نیوز (تنا): مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ناصر عباس جعفری نے لاہور میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب میں ملک میں جاری دہشت گردی خصوصاً بھکر میں کالعدم تکفیری دہشت گردوں کے معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھکر واقعے نے ثابت کر دیا کہ پنجاب حکومت نے جانبداری اور شیعہ دشمنی کی انتہا کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کالعدم دہشت گرد جماعت کو قانون شکنی اور پرامن شہریوں پر حملہ آور ہونے میں ڈی پی او بھکر کی مکمل معاونت حاصل تھی، بھکر میں شیعہ گھروں پر پولیس گردی کے دوران قیمتی اشیاء، سونا اور نقدی کی لوٹ مار اور دوسری طرف دہشت گردوں کو مکمل سپورٹ اور اُن کی حوصلہ افزائی، پنجابی طالبان اور پنجاب حکومت کی مشترکہ سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھکر میں ہم مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کی بیدخلی کے جانبدارانہ احکامات کو تسلیم نہیں کرتے، پاکستان بچانے اور دہشت گردوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ملک کے قریہ قریہ جائیں گے اور وطن دشمنوں کی ہر سازش کو ناکام بناتے رہیں گے۔ 

مولانا ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مخصوص گروہ اپنے سامراجی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے یہاں غلیظ پروپیگنڈا جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ یہاں شیعہ سنی فساد برپا ہوں، لیکن میں آج اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ شیعہ سنی کے درمیان اختلاف پیدا کرنیوالے ذلیل رسوا ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم صحابہ کرام، امہات المؤمنین سمیت اہل سنت کی مقدسات کی توہین کو حرام اور گناہ کبیرہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تکفیری گروہ اصل میں وطن دشمنوں کے آلہ کار ہیں، جو مخصوص وقت میں مخصوص ایجنڈے کے ساتھ سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ دنوں لاہور میں شیعہ تاجر مبشر رضوی اور سید ارشد علی ایڈووکیٹ کی ٹارگٹ کلنگ کو پنجاب حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب تک شاکر رضوی ایڈووکیٹ، پروفیسر شبیہ الحسن، ڈاکٹر علی حیدر اور ان کے کم سن بیٹے کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، کربلا گامے شاہ میں شہدائے یومِ علی (ع) کے قاتلوں، داتا صاحب سانحہ کے دہشت گردوں کو پکڑنے میں ناکامی نے ثابت کر دیا کہ پنجاب حکومت اور دہشت گردوں میں ضرور کوئی طے شدہ معاہدہ ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ صرف کراچی میں نہیں پنجاب سمیت جہاں جہاں بھی طالبان اور ان کے حواریوں کی پناہ گاہیں موجود ہوں، وہاں فوجی آپریشن کیا جائے، دہشت گردوں سے مذاکرات کرنا ان کے مذموم مقاصد اور کارروائیوں کو تسلیم کرنے کے مترادف ہیں۔ 

مولانا ناصر عباس جعفری نے شام اور امریکی ممکنہ حملے کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام پر حملہ امریکہ اور اسرائیل کی نابودی کا دن ثابت ہوگا، دہشت گردوں کو شام میں شکست ہوتے دیکھ کر اسرائیل اور امریکہ کے ہوش اُڑ گئے ہیں، شام امریکہ اور اسرائیل کیلئے قبرستان ثابت ہوگا، شام سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش مشکلات کا ذمہ دار عرب ممالک کے عیاش حکمران ہیں۔


خبر کا کوڈ: 139376

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/139376/شیعہ-سنی-کے-درمیان-اختلاف-پیدا-کرنیوالے-ذلیل-رسوا-ہونگے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com