اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ امریکی جنگی جنون عراق، افغانستان اور لیبیا سے نکل کر اب شام کییطرف جا رہا ہے اور ایک اسلامی ملک کو اسرائیل مخالف ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری :
مجلس وحدت مسلمین پاکستان جمعہ کو شام اور مصر کے حق میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کریگی
تنا (TNA) برصغیر بیورو
اسلام ٹائمز , 12 Sep 2013 گھنٹہ 14:15
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ امریکی جنگی جنون عراق، افغانستان اور لیبیا سے نکل کر اب شام کییطرف جا رہا ہے اور ایک اسلامی ملک کو اسرائیل مخالف ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔
تقریب نیوز (تنا): مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اس وقت پورا جہان اسلام کئی مسائل سے دوچار ہے اور استعماری طاقتیں سازشوں کے تحت اسلامی ممالک کے اندر دہشتگردی کا بیج بو رہی ہیں۔ اسلامی ممالک میں بے جا مداخلت کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں دہشتگردی پھیل رہی ہے اور ناحق انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ امریکہ، اسرائیل اور عرب ممالک کے اتحاد نے مختلف اسلامی ممالک کے اندر بے جا مداخلت کرکے وہاں کے امن کو غارت کر دیا ہے۔ مصر، شام، عراق، افغانستان، تیونس، لیبیا سمیت دیگر ممالک میں اس اتحاد نے وہاں کی حکومتوں کو گرانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس اتحاد کے باعث ان ممالک کے اندر دہشتگردی نے جنم لیا ہے اور یہاں تک کہ مقدس مقامات تک کی بیحرمتی کی گئی اور کئی مقامات گرائے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور عرب ممالک کے اتحادی دہشتگرد عناصر کو پروموٹ کرنے کے علاوہ فنڈنگ بھی کر رہے ہیں، جس کے باعث لاکھوں مسلمان ابتک لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی تبدیلی کے نام پر انسانی خون بہا رہے ہیں اور یہ صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ امریکی جنگی جنون عراق، افغانستان اور لیبیا سے نکل کر اب شام کی طرف جا رہا ہے اور ایک اسلامی ملک کو اسرائیل مخالف ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اس عمل میں سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک نہ صرف پیش پیش ہیں بلکہ امریکہ کو یہاں تک آفر کرا دی گئی ہے کہ جنگ تم کرو، اخراجات ہم کریں گے۔ یعنی مسلمانوں کا قتل مسلمانوں کے خرچ سے ہوگا اور یہ ممالک اپنے زمینی اور سمندری راستے تک فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو اس مسئلہ پر کھل کر مخالفت کرنی چاہیے اور اقوام متحدہ میں شام پر ممکنہ حملے کو روکوانے میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔ مجلس وحدت مسلمین جمعہ کو شام پر ممکنہ امریکی حملہ اور مصر میں ہونے والے واقعات اور ایک جمہوری حکومت کے خاتمے کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کریگی اور امریکہ سمیت ان تمام عرب ممالک کی مذمت کرے گی کہ جو صیہونی طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 140475