درایۃ الثقلین سافٹ ویئر کی تدوین کا مقصد تشیع کی حقانیت کا اثبات کرنا ہے: حجۃ الاسلام اختری
اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے درایۃ الثقلین سافٹ ویئر کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ اس سافٹ ویئر کو دیگر زندہ زبانوں میں ترجمہ کروا کر دنیا میں محققین کے اختیار میں دیں تاکہ وہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے اہلبیت(ع) کے دشمنوں کی طرف سے اہلبیت(ع) پر ہوئے سائبری حملوں کا جواب دیں سکیں۔
تقریب نیوز (تنا): اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے کل صبح قم میں اسمبلی کے مرکزی دفتر میں ہوئی درایۃ الثقلین سافٹ ویئر کی افتتاحی تقریب میں مدعو خصوصی مہمان آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی اور حاضرین محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی گزشتہ ۲۴ سال سے بلند اور اعلی مقاصد کے تحت پیروان اہلبیت(ع) کی خدمت میں مصروف ہے۔
انہوں نے اھلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے اہداف میں سے ایک ہدف دنیا بھر کے شیعوں کی حمایت کرنا قرار دیتے ہوئے کہا: دنیا میں اس وقت ۳۰۰ میلین شیعہ ہیں جن میں سے ۵۰ میلین کے قریب انقلاب اسلامی کے بعد ان گزشتہ ۳۴ سالوں میں شیعہ ہوئے ہیں۔
اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے جنرل سیکریٹری نے کہا: اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی دنیا کے ۳۶۰ اسلامی اور شیعی مراکز سے رابطے میں ہے اور ۳ ہزار مقامی مبلغ جو حوزہ ہائے علمیہ سے فارغ التحصیل ہیں کی حمایت کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: شیعوں کی یہ حمایت اس وجہ سے کی جاتی ہے تاکہ تمام شیعہ آپس میں ایک چینل کی طرح متصل رہیں اور الحمد للہ آج ایسا ہی ہے دنیا کے تمام شیعہ کسی بھی حساس موقع پر فوری طور پر اپنا عکس العمل ظاہر کرتے ہیں۔
حجۃ الاسلام و المسلمین آقائے اختری نے اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کا ایک مقصد معارف اہلبیت(ع) کی نشر و اشاعت قرار دیتے ہوئے کہا: تعلیمات اہلبیت(ع) کی نشر و اشاعت کی غرض سے علمی میدان میں کتابوں کی تالیف، تصنیف اور ترجمہ کے مواقع فراہم کرنا اسمبلی کا ایک ہدف ہے اور اس سلسلے میں اسمبلی نے تا ھم دنیا کی پچاس زندہ زبانوں میں ۱۴۰۰ کتابیں منظر عام پر لائی ہیں۔
انہوں نے کہا: ہمارا ایک مقصد مسلمانوں اور دیگر ادیان کے ماننے والوں کے درمیان اتحاد اور ہمدلی کی راہیں ہموار کرنا ہے یہ اس صورت میں مقدور ہے کہ ہم پیغمبر اسلام(ص) اور اہلبیت(ع) کی صحیح تعلیمات دنیا میں پیش کریں۔
اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے جنرل سیکریٹری نے اسلام، قرآن اور اہلبیت(ع) کے سلسلے میں پیش کئے جانے والے شبہات کے جوابات دینے کو بھی اسمبلی کا ایک ہدف قرار دیتے ہوئے کہا: اس ہدف کے پیش نظر اسمبلی کی جانب سے عربی زبان میں ’’الثقلین‘‘ چینل چل رہا ہے جس کی ہر روز ۱۲ گھنٹے سروس ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہمارے جملہ اہداف میں سے ایک مذہبی اور تحقیقی سافٹ ویئر بنانا ہے اسی مقصد کے پیش نظر درایۃ الثقلین سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے جس کی آج رونمائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا: اس سافٹ ویئر میں ایسی مفید اور قیمتی کتابیں موجود ہیں جو مکتب تشیع اور ولایت امیر المومنین و ائمہ اطہار (ع) کو ثابت کرنے کے لیے مفید اور ضروری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ہم کوشش کریں گے کہ اس سافٹ ویئر کو دیگر زندہ زبانوں میں ترجمہ کروا کر دنیا میں محققین کے اختیار میں دیں تاکہ وہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے اہلبیت(ع) کے دشمنوں کی طرف سے اہلبیت(ع) پر ہوئے سائبری حملوں کا جواب دیں سکیں۔
اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے جنرل سیکریٹری نے آخر میں کہا: ہم آیت اللہ العظمی صافی گلپائگانی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس سافٹ ویئر کی رونمائی کے مراسم میں تشریف لا کر ہمیں اعزاز بخشا ہے۔