براعظم افریقہ کے 54 میں سے 23 ممالک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ براعظم افریقہ کے 54 میں سے 23 ممالک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق افریقہ میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا مزید چار ممالک میں متاثرین کی تصدیق ہوگئی۔ذرائع کے مطابق براعظم افریقہ کے 54 میں سے 23 ممالک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ نمبیا، روانڈا، اسواتینی اور موریتانیہ میں ہفتے کو اولین کیس رپورٹ ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام متاثرین بیرون ملک سے سفر کرکے واپس آئے تھے۔
افریقی حکومتیں اور صحت عامہ سے متعلقہ ادارے وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ براعظم افریقہ کی 1.3ارب آبادی کو صحت کے کمزور انفرااسٹرکچر کی وجہ سے شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
نمبیا میں اسپین سے آنے والے دو متاثرین کی تصدیق کے بعد 21مارچ کو ملک میں آزادی کی تقریبات منسوخ کردی گئیں۔ موریتانیہ میں بھی حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ہفتے کو جنوبی افریقہ میں 14نئے کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 38ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی فوج نے ووہان چین میں موجود 121طلبا کو ملک واپس لانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ افریقی ممالک کے اسپتالوں میں بڑی تعداد میں انتہائی نگہداشت اور وینٹی لیٹر کی سہولیات دست یاب نہیں ہیں اس لیے خدشہ ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے باعث خطے میں زیادہ جانی نقصان ہوسکتا ہے۔