چین کے دورے سے واپس آنے والے پاکستانی وزیر خارجہ کا و آئسولیشن میں رہنے کا اعلان
چین کے دورے سے آنے والے پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا کا ٹیسٹ کراؤں گا، خود کو آئسولیشن میں رکھوں گا۔
بین الاقوامی خبررساں ایجنسی نے جیو کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین کے دورے سے آنے والے پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا کا ٹیسٹ کراؤں گا، خود کو آئسولیشن میں رکھوں گا۔ پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماہرین نے مجھے 5 دن بعد کورونا ٹیسٹ کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین جانے کا مقصد اظہارِ یک جہتی کرنا تھا، کورونا سے متعلق احتیاط برتنی چاہیے۔
وزیرِ خارجہ نے مزید بتایا کہ کورونا کا مرکز ووہان کو سمجھا جا رہا تھا، جہاں کل صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن سے ہماری معیشت پر منفی اثر پڑے گا، اس کو بھی دیکھنا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے صدر عارف علوی، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر برائے پلاننگ اسد عمر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود چین کا دورہ کر کے وطن واپس پہنچے ہیں، پاکستانی وفد میں شامل تمام افراد کو وطن واپسی پر اب کورونا وائرس کا اسکریننگ ٹیسٹ کروانا ہوگا۔وائرس ٹیسٹ کے لیے قائم ہیلپ لائن کے مطابق اگر صدرِ مملکت، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی یا وفد میں شامل کسی اور شخص کا تھرمل ٹیسٹ درست نہیں آیا یا پھر ان کا ٹمپریچر نارمل سے زیادہ ہوا تو انہیں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے وفد سے علیحدہ کر لیا جائے گا۔اگر صدر مملکت، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی یا وفد میں شامل کسی دوسرے شخص میں کورونا کی علامت پائی گئی تو پھر انہیں 14 روز کے لیے قرنطینہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔