پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل قانون پر سلامتی کونسل کو خط لکھ کر معاملے پر توجہ دلائی ہے
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل قانون پر سلامتی کونسل کو خط لکھ کر معاملے پر توجہ دلائی ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل قانون پر سلامتی کونسل کو خط لکھ کر معاملے پر توجہ دلائی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کو 3 صفحات پر مشتمل خط لکھا ہے جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے نئے قانون کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔ قریشی کی جانب سے سلامتی کونسل کے سربراہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل قانون بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارتی عمل سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہونے کا خطرہ ہے، بڑی تعداد میں لوگوں کے کشمیر میں سکونت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے اس عمل سے کشمیریوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے، موجودہ عالمی وباء کے حالات میں بھارتی اقدام قابل افسوس ہے، بھارت عالمی برادری کی کورونا وائرس کی طرف توجہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔