افریقی ملک نائجیریا کی سیکیورٹی فورسز نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات پر عمل درآمد کرانے کے دوران 18 افراد کو ہلاک کردیا۔
افریقی ملک نائجیریا کی سیکیورٹی فورسز نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات پر عمل درآمد کرانے کے دوران 18 افراد کو ہلاک کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ملک کی انسانی حقوق کے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تعداد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں سے بھی زیادہ ہے۔
افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاگوس اور دارالحکومت ابوجا میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ دیگر خطوں میں بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نائجیریا میں کورونا وائرس سے اب تک 407 افراد متاثر اور 12 ہلاک ہوئے ہیں۔
تحریر جاری ہے
لاک ڈاؤن اور پابندیوں پر عملدرآمد کے لیے پولیس اور آرمی سمیت سیکیورٹی فورسز تعینات کی گئی ہیں جس کے باعث ملک کی چند ریاستوں میں خونریز تصادم اور جھڑپیں بھی سامنے آئی ہیں۔
ملک میں انسانی حقوق کے قومی کمیشن کا کہنا ہے کہ اسے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا اور 36 ریاستوں میں سے 24 میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی 105 شکایات موصول ہوئی ہیں۔