کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والے سعودی شہزادوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والے سعودی شہزادوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
ایک سعودی ذریعے نے سعودی عرب میں شہزادوں کے درمیان کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافے کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان شہزادوں کے معالجے کے لئے دو ہوٹل مخصوص کئے گئے ہیں۔العھد الجدید نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے سعودی شہزادوں کی حقیقی تعداد ایک سو پچاس سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اس سے قبل العھد الجدید نے ہی ٹوئیٹ کے ذریعے سعودی شہزادوں کی بڑے پیمانے پرگرفتاری کی بھی خبر دی تھی۔
اس رپورٹ کے مطابق جدہ کا ایک پرائیویٹ اسپتال جو سعودی شہزادوں کے لئے مخصوص ہے ، اس میں اب کورونا کے نئے مریضوں کو داخل کرنے کی گنجائش باقی نہیں رہ گئی ہے اور اسی بنا پر کورونا میں مبتلاء ہونے والے دیگر شہزادوں کو ایڈمیٹ کرنے اور ان کی رہائش کے لئے دو مزید ہوٹلوں کو مختص کیا گیا ہے ۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں اب تک آٹھ ہزار دوسو سے زیادہ افراد کورونا وائرس میں مبتلاء ہو چکے ہیں جن میں سے بانوے مریض ہلاک ہو چکے ہیں ۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں مزید دو افراد کورونا میں مبتلاء ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور اس طرح متحدہ عرب امارات میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پینتیس ہو گئی ہے۔
عمان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ چھیاسٹھ سالہ ایک شخص کورونا میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکا ہے اور اب تک عمان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھے ہوگئی ہے ۔
عمان میں اب تک ایک ہزار انیس افراد کورونا میں مبتلاء ہو چکے ہیں۔کویت کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ اب تک ایک ہزار پانچ سو چوبیس افراد کورونا میں مبتلاء ہو چکے ہیں جبکہ تین افراد کو اپنی جان بھی گنوانی پڑی ہے۔
لبنان کے وزیر صحت حمد حسین نے بھی سنیچر کو اعلان کیا کہ ملک ، کورونا وائرس کے عروج کے بحران سے گذر چکا ہے اور یہ لاک ڈاؤن اور قوانین کے صحیح نفاذ اور شہریوں کی جانب سے ان کی پابندی کیے جانے سے ممکن ہوا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق چھے سو بہتر افراد کورونا وائرس میں مبتلاء جبکہ اکیس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
اردن کے وزیر صحت سعد جابر نے بھی اپنے ملک میں کورونا مریضوں کے اعداد و شمار میں کمی کی خبر دی ہے ۔ اردن میں اب تک چار سو دو افراد کورونا میں مبتلاء ہو چکے ہیں۔