بھارت میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چھبیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
تقریب نیوز کے مطابق بھارتی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار نو سو نوے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد متاثرین کی تعداد چھبیس ہزار چار سو چھیانوے ہو گئی جن میں میں ایک سو گیارہ غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق بھارت میں مزید انچاس اموات کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد آٹھ سو چوبیس ہوگئی ہے۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹرا ہے جہاں آٹھ سو گیارہ نئے مریضوں کے اندراج کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد سات ہزار چھے سو اٹھائیس ہوگئی ہے۔ مہاراشٹرا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے چالیس نئی اموات کے بعد اس موذی بیماری سے مرنے والوں کی تعداد تین سو تیئس ہوگئی ہے۔
ریاست مہاراشٹر کے بعد ریاست گجرات میں دو سو چھپین نئے کیس سامنے آنے کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد تین ہزار اکہتر اور چھے نئی اموات کے بعد ، اموات بھی بڑھ کے ایک سو تینتس ہو گئی ہیں۔
اسی طرح بھارتی دارالحکومت دہلی میں چوبیس گھنٹے میں ایک سو گیارہ نئے کیس ریکارڈ کئے گئے جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی کل تعداد دو ہزار چھے سو پچیس اور اموات چون ہو گئی ہیں۔
بھارت کی مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ کے پانچ ہزار آٹھ سو چار ہو چکی ہے۔