سعودی عرب کی الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کی ذمے دار جنرل پریزیڈینسی نے کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مسجدالحرام کے داخلی راستوں پر جدید جراثیم کش گیٹ نصب کر دیے ہیں۔
اب مسجد الحرام کے صحن میں داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو پہلے جدید جراثیم کش گیٹ سے گزرنا ہوگا، وہاں اس پر سرتا پاؤں جراثیم کش سپرے کیا جائے گا اور مصفا کیا جائے گا۔
مسجدالحرام میں ان دروازوں کی تنصیب سے صرف ایک ہفتہ قبل تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے، یہ طاقتور کیمرے بیک وقت 25 تک افراد کے جسمانی درجہ حرارت کی پیمائش کرسکتے ہیں، یہ کیمرے بھی مسجد الحرام کے داخلی دروازوں پر نصب کیے گئے ہیں۔
اس ماہ کے اوائل میں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی اسی طرح کے تھرمل کیمرے نصب کیے گئے تھے۔