QR codeQR code

کووِڈ 19، متاثر ہونے والے ممالک میں بھارت اب 5ویں نمبر پر آگیا

6 Jun 2020 گھنٹہ 17:49

دنیا بھر میں کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے مطابق وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں بھارت اب 5ویں نمبر پر آگیا ہے۔


بھارت میں ایک روز کے دوران 9 ہزار 887 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد دنیا میں وائرس سے چھٹے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی سے بھی تجاوز کر گئی۔

رپورٹ کے مطابق کورونا کیسز کی یہ تعداد لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور عبادت گاہیں کھولنے سے 2 روز پہلے سامنے آئی ہے۔

بھارت میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد ہونے کے بعد  کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صرف امریکا، برازیل، روس، برطانیہ اور اسپین سے کم ہے۔

تاہم یہاں کووِڈ 19 کے باعث ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 650 ہے جو دیگر ممالک کے مقابلے میں خاصی کم ہے جبکہ اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار 73 ہے۔

اس طرح دنیا بھر میں کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے مطابق وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں بھارت اب 5ویں نمبر پر آگیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت عالمی وبا سے متاثرہ معیشت کھولنے اور لاکھوں لوگوں کو کام پر واپس بلانے کے لیے بے قرار ہے اور اس لیے اب مارچ میں لگائے گے لاک ڈاؤن کو نرم کیا جارہا ہے۔

حکام کے مطابق پابندیوں میں نرمی کا آغاز پیر سے ہوگا تاہم ماہرین اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ یہ بہت جلد ہے۔

اس حوالے سے بھارت کے پبلک ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ماہرِ وبائی امراض گریدھر آر بابو نے خاص طور پر ملک میں عبادت گاہیں کھولنے پر سوال اٹھایا۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کچھ عرصے تک مذہبی مقامات کھولے بغیر زندہ رہ سکتے ہیں اور جو فوائد حاصل کیے انہیں برقرار رکھ سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ بھارت کے لاک ڈاؤن نے بیماری کی منتقلی کم کرنے میں مدد دی لیکن کیسز میں اضافے کا خدشہ پھر بھی موجود ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کا پہلا کیس ریاست کیرالہ میں 30 جنوری کو سامنے آیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 465073

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/465073/کوو-ڈ-19-متاثر-ہونے-والے-ممالک-میں-بھارت-اب-5ویں-نمبر-پر-ا-گیا

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com