QR codeQR code

شہید کمانڈروں کے قتل کے مجرموں کے نام جلد سامنے آجائیں گے۔

2 Jan 2021 گھنٹہ 17:13

سپاہ قدس کے کمانڈر شہید قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر شہید جنرل ابومہدی المہندس کے قتل کیس میں چالیس افراد ملوث ہیں۔


عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں عراقی عدلیہ کی جانب سے استقامت کے شہید کمانڈروں کے قتل کے مجرموں کے نام سامنے آجائیں گے۔

الحشدالشعبی کے میڈیا سیل کے سربراہ مہند العقابی نے کہا کہ سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر شہید جنرل ابومہدی المہندس کے قتل کیس میں چالیس افراد ملوث ہیں جن میں سے بعض عراقی اور بعض امریکی ہیں ۔

مہند العقابی نے زور دے کر کہا کہ باوجود اس کے کہ شہید سلیمانی کے قتل کیس میں عراقی عدلیہ کو اندرونی و بیرونی دباؤ کا سامنا ہے تاہم اس نے مجرموں کی شناخت کے  بارے میں غیر معمولی کارروائیاں اور اقدامات انجام دیےہیں اور  آئندہ چند روز میں ان مجرموں کے نام سامنے آجائیں گے۔

اس درمیان الحشدالشعبی کے انٹیلیجنس شعبے نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس کے جوانوں نے شام سے ملحق عراق کے سرحدی علاقے مغربی عکاشات میں شہید سلیمانی اور شہید المہندس کی تصویروں کے بیلبورڈ کے کنارے شمعیں روشن کیں اور ان دونوں شہدائے گرانقدر کو خراج تحسین پیش کیا ۔

دوسری جانب انصاراللہ یمن کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ہفتے کو سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اہل  خانہ اور لواحقین  کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ یہ عظیم سردار اپنے ہدف و مقصد پر ہمیشہ ثابت قدم رہا اور ہمیشہ میدان میں جمے رہنے والے اسلام کے ایسے سچے سپاہی تھے جنھوں نے  اپنی انتھک کوششوں اور جذبہ ایمانی کے ساتھ   میدان جہاد کے ہر محاذ پر سرگرم عمل رہے۔

عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا الحاج شہید جنرل قاسم سلیمانی نے شجاعت کا درس حضرت علی (ع) سے قربانی کا سبق حضرت حسین علیہ السلام سے اور ایثار کا درس حضرت عباس علیہ السلام سے حاصل کیا تھا شہید قاسم سلیمانی، حریت پسندوں اور آنے والی تمام نسلوں کے دلوں میں زندہ و جاوید رہیں گے جیسا کہ اس وقت بھی وہ اپنے تمام آثار و کردار کے ساتھ  مسلمانوں کے درمیان  موجود ہیں۔

 عبدالملک الحوثی نے زور دے کر کہا کہ شہید حاج قاسم سلیمانی نوجوانی سے ہی اللہ تعالی کی راہ میں ایک نمایاں ، مومن،  بااخلاق اور مفید وکارآمد سپاہی کی حیثیت سے سرگرم عمل تھے اور وہ ہمیشہ ہی حضرت امام خمینی رح اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے پرچم تلے ان کی راہ پر نہایت صداقت و وفاداری  سے عمل پیرا رہے ۔
 


خبر کا کوڈ: 488165

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/488165/شہید-کمانڈروں-کے-قتل-مجرموں-نام-جلد-سامنے-آجائیں-گے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com