عراق کے صوبہ صلاح الدین میں حشدالشعبی کے جوانوں کی شہادت اور بغداد میں ہونے والے خودکش حملوں کے بعد عراق کی سکیورٹی فرسز نے دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے رہنما علی الحسینی نے بغداد الیوم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حشدالشعبی کے جوان دیاله، صلاح الدین اور کرکوک میں دہشتگرد گروہ داعش کی دہشتگردانہ کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔
دوسری جانب عراق کی مرکزی پلیس سے وابستہ انفارمیشن آفس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی فضائیہ نے صوبہ دیالہ کے الخیلاویه اورالطبج علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں داعش کے 8 ٹھکانے تباہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ دہشتگرد گروہ داعش کے دہشتگردوں نے گزشتہ روز عراق کے صوبہ صلاح الدین کے العیث علاقے میں حشدالشعبی کے 22 ویں بٹالین پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک کمانڈر سمیت 9 جوان شہید ہوئے تھے جبکہ جمعرات کے روز بغداد میں ہونے والے 2 خودکش دھماکوں میں 35 افراد جاں بحق اور 110 زخمی ہوئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ عراق میں عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی اس ملک کے نامور مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کی ہدایت پر، اس وقت تشکیل پائی تھی جب داعشی دہشت گردوں نے عراق کے مختلف علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا اور پھر حکومت نے اس فورس کو عراق کی مسلح افواج میں شامل کر لیا۔