اراکین پاکستان سول سوسائٹی نے بین الاقوامی اداروں سے فلسطین میں صیہونی دہشتگردی اورنہتے شہریوں کے قتل عام کا نوٹس لیتے ہوئے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان سول سوسائٹی فورم کے تحت نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مسجد اقصیٰ پر حملے اور مقبوضہ فلسطین میں صیہونی دہشتگردی کے نتیجے میں زخمی اور شہید ہونےوالے فلسطینیوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔
ہنگامی پریس کانفرنس سے پاکستان سول سوسائٹی فورم کے اراکین ندیم احمد خان،زمرد خان،چوہدری یاسین، ٹکہ خان، ظفر بختاوری، چوہدری کاشف، ڈاکٹر ابو بکر صدیق اور افضل بٹ نے خطاب کیا۔
مقررین نے مسجد اقصی پر حملہ ، نہتے فلسطینیوں کی شہادت اور اسرائیلی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستانی عوام سےاپیل کی ہے کہ مسجد اقصی کی بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کو مدنظر رکھتے ہوئے عیدالفطر کو سادگی سے منایا جائے گا۔
پاکستان سول سوسائٹی فورم کے ممبران نے مسجد اقصی کی بے حرمتی غزہ پر حملہ نہتے فلسطینی بچوں، عورتوں اور شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا اور حکومت پاکستان، او آئی سی، اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کو اسرائیل کے خلاف فوری اقدامات کرتے ہوئے صیہونی جارحیت بندکرانے کا مطالبہ کیا ۔
پریس کانفرنس سے پاکستان میں متعین فلسطینی سفیر نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، اپنے خطاب میں انھوں نے مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی جانب سے اظہاریکجہتی پراظہار تشکر کیا، انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور سول سوسائٹی کے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو اس مشکل گھڑی میں ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔