عرب میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی پولیس نے اشتعال انگیز "پرچم ریلی" (Flag Parade) کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔
صیہونی اخبار معاریو نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ اسرائیلی پولیس چیف نے اس فلیگ مارچ کا انتظام کرنے والے (انتہاء پسند) یہودی آبادکاروں کو مزید منظم ہونے اور ملکی سیاسی قیادت کو اس پرچم ریلی کا ساتھ دینے کی نصیحت کی ہے جبکہ قبل ازیں صیہونی وزیر خارجہ و وزیر جنگ دونوں کی جانب سے ہی اس ریلی کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے موخر کر دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ قدس شریف پر اولین قبضے کی سالگرہ کی مناسبت سے انتہاء پسند یہودی آبادکاروں کی جانب سے جمعرات کے روز فلیگ مارچ برپا کئے جانے کا منصوبہ ہے جس کے دوران اسرائیلی پرچم تھامے انتہاء پسند یہودی آباکار مسجد اقصی کے مختلف دروازوں و صحنوں سے ہوتے ہوئے "صحن البراق" میں جمع ہوں گے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل ہی فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما یحیی السنوار نے ایک سوال کے جواب میں انتہاء پسند یہودیوں کو سختی کے ساتھ خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ مسجد اقصی کی بیحرمتی کرنے کو پلٹے تو ہم بھی واپس پلٹ جائیں گے اور پھر آسمان ان کے سر پر دے ماریں گے۔