حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے ہر طرح کے سخت ترین حالات کے باوجود صیہونی دشمن کی جارحیتوں کا جواب دینے کے لئے استقامت کی آمادگی پر زور دیا ہے۔
المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے جنوبی بیروت میں عشرہ محرم کی مجلس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ جنگ نہیں چاہتی لیکن اگر اسرائیل نے جنگ چھیڑی تو استقامت اس کا جواب دے گی۔
شیخ نعیم قاسم نے جنوبی لبنان میں صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر استقامت نے جواب نہ دیا ہوتا تو دشمن اپنی جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھتا۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اس وقت اسرائیلی دشمن سمجھ چکا ہے کہ استقامت، لبنان میں موجود تمام تر دشواریوں اور مسائل و مشکلات کے باوجود اپنی تمام توانائیوں اور عزم و اسلحے کے ساتھ صیہونی دشمن کے کسی بھی طرح کے جارحانہ اقدام کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے زور دے کر کہا کہ امریکہ میں انصاف کرنے کی صلاحیت نہیں ہے اور ان مسائل و حالات کا حل صرف استقامت اور اسرائیل کا مقابلہ کرنا ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے بھی سنیچر کی شب دوہزار چھے کی جنگ میں صیہونی دشمن پر حزب اللہ کی کامیابی کی پندرہویں سالگرہ کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اگر صیہونی حکومت نے کسی طرح کی حماقت کی تواسے منھ توڑجواب دیا جائے گا۔