شامی ذرائع ابلاغ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں ایک شامی فوجی جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے شام کے صوبے حمص کے شمال مغربی شہر تدمر پر فضائی بمباری کی جس میں ایک شامی فوجی جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
صیہونی فوج نے یہ حملہ تدمر کے جنوبی علاقے پر کیا۔ اس حملے پر شامی فوج کے اینٹی ایر کرافٹ یونٹ نے بھی اپنی کاروائی کی۔
صابرین نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے ڈرون طیارے شام سے ملنے والے سرحدی علاقوں کی فضا میں پرواز کرتے رہتے ہیں جس کا مقصد مزاحمتی گروہوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگانا ہے۔
صیہونی حکومت نے بدھ کی شب التنف سے تدمر جانے والے راستے میں ایک ٹاور اور اس کے اطراف کے علاقوں کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں خاصا مالی نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت، شام میں دہشت گردوں کی شکست سے بوکھلائی ہوئی ہے اور وہ ان دہشت گردوں کی حمایت میں شام میں فوجی ٹھکانوں اور بنیادی تنصیبات کو نشانہ بناتی رہتی ہے۔