QR codeQR code

ایران و چین کے وزیر خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو

7 Nov 2021 گھنٹہ 17:03

امیر عبداللہیان نے ایران کو ویکسین کی 120 ملین خوراک بھیجنے میں چینی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے پائیدار ترقی کے لیے بیجنگ کے عالمی اقدام کی حمایت اور اس سلسلے میں چین کے ساتھ قریبی تعاون پر زور دیا۔


ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ اپنی زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے اور اقتصادی دہشتگردی کی ناکام پالیسی کے تسلسل سے مذاکرات اور مفاہمت کا دعوی نہیں کرسکتا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ای سے ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ویانا میں چند روز بعد ہونے والے مذاکرات اور علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

امیر عبداللہیان نے ایران کو ویکسین کی 120 ملین خوراک بھیجنے میں چینی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے پائیدار ترقی کے لیے بیجنگ کے عالمی اقدام کی حمایت اور اس سلسلے میں چین کے ساتھ قریبی تعاون پر زور دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے ویانا میں ہونے والے آئندہ مذاکرات کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور یورپی فریق جلد از جلد ایک معاہدے کے حصول کیلئے مذاکرات میں سنجیدہ رویہ اختیار کریں گے۔

انہوں نے افغانستان کی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایک وسیع البنیاد قومی حکومت کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ بیجنگ میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے تعمیری نتائج نکلیں گے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں جوہری مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، جوہری معاہدے کے عدم نفاذ کی اصل جڑ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ تمام پابندیوں کی منسوخی سے اپنی اس غلطی کا ازالہ کریں گے اور ایران کے اس مثبت نقطہ نظر سے ویانا مذاکرات اچھی طرح جاری رہیں گے۔

چین کے وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو دورہ بیجنگ کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چین میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا تیسرا اجلاس؛ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت اس کے ہمسایہ ممالک کی فعال شرکت سے افغانستان میں ایک مستحکم اور وسیع البنیاد قومی حکومت کی تشکیل کا باعث بنے گا۔


خبر کا کوڈ: 525885

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/525885/ایران-چین-کے-وزیر-خارجہ-کی-ٹیلی-فونی-گفتگو

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com