ایرانی فضائیہ کے افسروں اور اہلکاروں نے امریکہ اور اسرائیل کے اندازوں اور محاسبات کو غلط ثابت کردیا
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حضرت امام خمینی (رہ) کے ساتھ 19 بہمن سن 1357 ہجری شمسی کی تاریخی بیعت کی سالگرہ کے موقع پر ایرانی فضائيہ کے بعض افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ ملاقات میں فرمایا: میں نے کورونا ویکسین کی تیسری ڈوز بھی لگوالی ہے اور عوام کو بھی طبی ماہرین کی سفارش پر عمل کرنا چاہیے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: میں اپنے آپ کو طبی ماہرین کے دستورات پر عمل کا پابند سمجھتا ہوں اور ان پر عمل کرتا ہوں، ماسک بھی استعمال کرتا ہوں اور میں نے کورونا ویکسین کا تیسرا انجیکشن میں لگوا لیا ہے۔ عوام کو بھی طبی ماہرین کی سفارشات اور دستورات پر عمل کرنے کی سفارش کرتا ہوں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر نے فرمایا: آج اسلامی نظام کے انقلابی اور حماسی اقدامات کو تحریف اور مسخ سے بچانے اور دشمن کے مشترکہ حملوں کا جواب دینے کے لیے مشترکہ دفاعی اقدام کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں جہاد کی تشریح اور توضیح بہت ہی اہم فریضہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی فضائیہ کی 19 بہمن سن 1357 ہجری شمسی میں حضرت امام خمینی (رہ) کے ساتھ تاریخي بیعت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اگرچہ ایرانی فضائیہ کی موجودہ نسل اس دور میں نہیں تھی لیکن ذمہ داری کے ساتھ کام انجام دینے والے ایرانی فضائیہ کے تمام افسر اور اہلکاراس دن کی فضیلت اور افتخار میں شریک ہیں کیونکہ اس دن ایرانی فضائيہ نے بیعت در حقیقت مقدس جہاد اور اسلام کے مقدس اصولوں کے ساتھ کی تھی جس کے اس وقت کمانڈر حضرت امام خمینی (رہ) تھے، لہذا معنوی عمل اور فعل کا سلسلہ جاری ہے اور جو لوگ اس مقدس ہدف کی سمت گامزن رہتے ہیں وہ اس فعل و عمل میں شریک ہوتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی فضائیہ کی بصیرت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی فضائیہ کے افسروں اور اہلکاروں نے امریکہ اور اسرائیل کے اندازوں اور محاسبات کو غلط ثابت کردیا اور امریکہ کو ایسی جگہ سے مہلک چوٹ پہنچی جس کا اسے تصور بھی نہیں تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اسلامی محاذ کے سپاہی عسکری، سائنسی، تحقیقاتی ، علمی اور دیگر میدانوں میں اپنی مؤثر اور فعال سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھیں اور دشمن کے رعب و دبدبے سے خوف و ہراس میں مبتلا نہ ہوں تو یقینی طور پر دشمن کے تمام اندازے اور محاسبات غلط ثابت ہوجائيں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکہ کو آج بھی ایسی جگہ سے مہلک چوٹ پہنچ رہی ہے جس کا پہلے تصور بھی نہیں تھا یعنی امریکہ کے موجودہ اور سابقہ صدر نے امریکہ کی باقیماندہ آبرو کو بھی ختم کردیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایران کے خلاف دشمن کے مشترکہ اقتصادی، سیاسی، ثقافتی، تبلیغاتی اور سفارتی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ہمیں دشمن کے مختلف میدانوں میں مشترکہ حملوں کا صرف دفاع نہیں کرنا چاہیے بلکہ دشمن کے مشترکہ حملوں کا مشترکہ حملوں کے ذریعہ منہ توڑ اور بھر پور جواب دینا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایران کی مختلف میدانوں میں شاندار کامیابیاں دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہی ہیں کیونکہ ایران نے دشمن کے ارادوں کے بر عکس ترقی کی ہے اور ایران کی موجودہ ترقی اور پیشرفت کا تسلسل ایران کے مستقبل کے درخشاں اور تابناک ہونے کا مظہرہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی عوام اور جوانوں سے سفارش کی کہ وہ رجب المرجب کے بابرکت ایام سے اچھی طرح استفادہ کریں اور اس کے معنوی فیوض و برکات سے فیضیاب ہوں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل ایرانی فضائیہ کے سربراہ بریگيڈیئر جنرل واحدی نے ایرانی فضائیہ کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔