شبیہ رسول اللہ(ص) فرزند سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کے مختلف صحنوں اور رواقوں میں محافل جشن کا انعقاد کیا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں انقلاب اسلامی کے بعد اس دن کو یوم نوجوان کا نام دیا گیا، پورے ملک میں اس پر مسرت موقع پر مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے خاص طور پر نوجوانوں کے لئے مختلف تقاریب اور پروگرام رکھے جاتے ہیں تاکہ اس دور کے نوجوان حضرت علی اکبر(ع) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین مبین اسلام کو اپنی زندگی میں عملی جامہ پہنا سکیں۔
سید الشہداء حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے فرزند ارجمند حضرت علی اکبر(ع) کی ولادت با سعادت گیارہ شعبان المعظم سنہ43ھ۔ق میں ہوئی،آپ کی والدہ ماجدہ کا اسم گرامی حضرت لیلی بنت مرۃ بن عروہ بن مسعودثقفی ہے، آپ(ع) مدینہ کے تین بزرگ قبیلوں سے نسبت رکھنے کی وجہ سے سب کی نظر میں خاص احترام کی مالک تھیں۔
حضرت علی اکبر (ع) کی شخصیت کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کافی خوبصورت ، شیرین زبان پر کشش تھے ، خلق و خوی رفتار و گفتار سب پیغمبر اکرم (ص) سے مشابہ تھی ـ جس نے پیغبر اسلام (ص) کو دیکھا تھا وہ اگر دور سے حضرت علی اکبر کو دیکھ لیتا گمان کرتا کہ خود پیغمبر اسلام (ص) ہیں ۔ اسی طرح شجاعت اور بہادری اپنے دادا امیر المومنین علی (ص) سے وراثت میں ملی تھی اور جامع کمالات ، اور خصوصیات کے مالک تھے ـ
حضرت علی اکبر(ع) کی شب ولادت با سعادت کے اس پر مسرت موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق امام خمینیؒ میں خصوصی محفل جشن کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز زیارت امین اللہ سے ہوا جسے جناب مرتضیٰ اسلامی نژاد نے نہایت خوبصورت انداز میں پڑھا، اس کے بعدحجت الاسلام واعظ موسوی نے خطاب کیا پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے ملک کے مشہور و معروف ذاکر اہلبیت(ع) سیدمجید بنی فاطمہ نے حضرت علی اکبر(ع) کی شان میں اشعار پڑھےآخر میں گلدستہ ھائے حرم نامی گروپ نے ملکر قصیدہ خوانی بھی کی۔
یوم ولادت کے دن بھی جشن کا خصوصی پروگرام حرم امام رضا(ع) کےر واق امام خمینیؒ میں منعقد ہو گا جس میں مداحان اہلبیت(ع) ن قصیدہ خوانی کريں گے اور حجت الاسلام والمسلمین جناب مرتضیٰ دہ ھشت خطاب کریں گے ۔
پاکستان اور ہندوستان سے آنے والے زائرین کے لئے حرم امام رضا علیہ السلام کی انتظامیہ کی جانب سے رواق غدیر میں محفل جشن کا خصوصی اہتمام کیا گيا ،جشن کا آغاز شام پانچ بجے سے ہوا جس میں مولانا عمران حیدر سعیدی نے آدھا گھنٹہ زائرین کو دینی و شرعی مسائل بتائے اس کے بعد نماز جماعت ہوئی ،نماز مغربین کے فوراً بعد ڈاکٹر نجف علی سعادتی نےخوبصورت انداز میں قرآن کریم کی تلاوت اورزیارتامین اللہ پڑھی، محفل جشن میں حجت الاسلام والمسلمین سید مرتضیٰ حسین نقوی نے حضرت علی اکبر(ع) کی سیرت پر خطاب کرتے ہوئے حضرت علی اکبر(ع) کے فضائل بھی بیان کئے ۔
پروگرام کے اختتام پر حرم امام رضا(ع) کی جانب سے زائرین میں متبرک تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔