یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ سعودی و اماراتی ولیعہدوں بن سلمان اور بن زاید کے ضمیر بیدار نہیں ہونے والے، اس لئے انکی آئل تنصیبات پر انکے حملے جاری رہیں گے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ جب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو خطرہ ہوتا ہے تو یمن کے خلاف جنگ روکنا امریکہ اور برطانیہ کے مفاد میں ہو جاتا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن نے ملکی افواج کے پاس بلسٹک، کروز اور ڈرون طیارے موجود ہونے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولیعہد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے ولیعہد محمد بن زاید کے ضمیر کبھی بیدار نہیں ہوں گے بنا برین یمن کی مسلح افواج ان کی آئل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا پختہ عزم رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یمن اپنے دفاع اور مسلح افواج کے بل بوتے پر فوجی طاقت و توانائی پر بھروسہ کرتا ہے جو جواب دینے کی بھرپور توانائی رکھتا ہے اور جوابی کاروائیاں سعودی عرب کے لئے دردناک ثابت ہوں گی۔ البخیتی کا مزید کہنا تھا کہ اس نئے مرحلے میں امریکہ اور برطانیہ بھی اس نتیجے پر پہنچے ہیں علاقے پر ان کا تسلط ان کے لئے خطرناک ثابت ہو گا۔