مشہد مقدس میں ایک تکفیری جرثومے کے دہشتگردانہ حملے میں زخمی ہونے والے ایک اور عالم دین حجت الاسلام دارائی بھی دو روز بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضے کے صحن میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ شدید زخمی ہوجانے والے عالم دین، حجت الاسلام دارائی بھی آج شام اپنے شہید ساتھی شہید اصلانی سے جا ملے۔
حجت الاسلام دارائی کو شدید زخمی حالت میں مشہد کے کامیاب اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ آج ہی حجت الاسلام شہید اصلانی کی آخری رسومات بھی انجام پائیں ۔ شہید اصلانی کے جلوس جنازہ میں روزہ دار عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی حجت الاسلام اصلانی حرم رضوی میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے۔
منگل کو حضرت امام رضا علی علیہ السلام کے حرم میں ایک دہشتگرد نے تین علما کو حملے کا نشانہ بنایا تھا ۔ یہ تینوں مخلص علماء دین، شہر مشہد کے مضاقاتی علاقوں میں دینی و سماجی خدمات کے ساتھ ہی فلاحی پروگرام چلاتے تھے۔ دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں حجت الاسلام محمد اصلانی موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے جبکہ ان کے دونوں ساتھیوں کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تھا۔