QR codeQR code

عالمی یوم القدس کی مناسبت سے بڑی تعداد میں مسجدالاقصی میں جمع

29 Apr 2022 گھنٹہ 17:21

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے آج عالمی یوم القدس کی مناسبت سے مسجدالاقصی کے مختلف حصوں میں بڑی تعداد میں اکٹھا ہونے والے فلسطینیوں پر یلغار کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کرنا شروع کردیا۔


عالمی یوم القدس کی مناسبت سے بڑی تعداد میں مسجدالاقصی میں جمع ہونے والے فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں نے حملہ کردیا تاہم فلسطینیوں کی استقامت نے انھیں پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کردیا جبکہ فلسطین، کے ساتھ ہی افغانستان، عراق، بحرین اور یمن اوربہت سے دیگر ملکوں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے آج عالمی یوم القدس کی مناسبت سے مسجدالاقصی کے مختلف حصوں میں بڑی تعداد میں اکٹھا ہونے والے فلسطینیوں پر یلغار کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کرنا شروع کردیا۔

فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے حملوں کے نتیجے میں بیالیس فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں ۔ فلسطنیی عوام عالمی یوم القدس کی مناسبت سے آج صبح سے ہی بڑی تعداد میں مسجدالاقصی میں اکھٹا ہونا شروع ہوگئے تھے۔ عالمی یوم القدس کی مناسبت سے گذشتہ روز بھی صیہونی حکومت کی فوج نے اپنی ریزرو فورس کے چھے بریگیڈ غرب اردن سے متصل سرحدی علاقوں میں تعمیردیوار حائل کے طول میں تعینات کردئے تھے۔

درایں اثنا عراق ، بحرین ، یمن، پاکستان ، ہندوستان اور افغانستان وغیرہ سے بھی عالمی یوم القدس کے موقع پر احتجاجی جلوسوں اور مختلف پروگراموں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔

عراق سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ عالمی یوم القدس کی مناسبت سے نجف ، کربلائے معلی ، بغداد اور بصرہ سمیت اس ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی جلوس نکالے گئے اور غاصب صیہونی حکومت اور اس کے مجرمانہ اقدامات کی مذمت کی گئی ۔

سومریہ نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق میں عالمی یوم القدس کے موقع پر مظاہرین اپنے ہاتھوں میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح ، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای ، آیت اللہ العظمی سیستانی ، شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی تصاویر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔ عراق کے مختلف شہروں میں عالمی یوم قدس کے پروگراموں کے شرکاء امریکہ واسرائیل کے خلاف نعرے لگا رہے تھے ۔

بحرینی عوام نے بھی عالمی یوم قدس کی مناسبت سے احتجاجی مظاہرے کئےاور غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ آل خلیفہ حکومت کی جانب سے تعلقات کو معمول پر لانے کی مذمت کی۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت مختلف شہروں میں بھی عالمی یوم القدس کی مناسبت سے منعقدہ پرگراموں میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور غاصب صیہونی حکومت کے چنگل سے بیت المقدس کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

درایں اثنا یمن کے عوامی رہنما عبدالملک بدرالدین الحوثی نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یوم قدس، علم و آگہی بڑھانے کا موقع ہے ۔ انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ ، رمضان المبارک کے آخری جمعے کو عالمی یوم قدس قرار دے کر فلسطین کے سلسلے میں مسلمانوں کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرانا چاہتے تھے کہا کہ صیہونی حکومت اور دنیا بھر میں موجود صیہونی لابی ، اسلام و مسلمین کی سب سے بڑی دشمن ہے اور اسے دشمن کے طور پر پہنچاننا بھی چاہئے۔

تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے اپنے خطاب میں تاکید کے ساتھ کہا کہ صیہونی دشمن ایک ناجائز اوربدعنوان حکومت ہےجو جلد ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ علاقے میں صیہونی حکومت کی موجودگی کا مقصد ہی فتنہ و فساد پیدا کرنا اور تخریبی کردار ادا کرنا ہے ۔


خبر کا کوڈ: 547611

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/547611/عالمی-یوم-القدس-کی-مناسبت-سے-بڑی-تعداد-میں-مسجدالاقصی-جمع

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com