یوم سیاہ یعنی٨شوال کی مناسبت سے بیان دیتے ہوئے حجت الاسلام و المسلمین مولانا سید غافر رضوی صاحب قبلہ فلکؔ چھولسی نے کہا: شوال کی آٹھ تاریخ اپنے دامن میں ایسا کوہِ الم سمیٹے ہوئے ہے کہ جس کے سامنے انسانیت شرمسار ہوجاتی ہے۔
مولانا موصوف نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: آل سعود نے جنت البقیع کو منہدم کرکے قلب اسلام کو داغدار کیا ہے۔ آل سعود کا یہ عمل ، اسلام کے خلاف ہے۔ جنت البقیع عالم اسلام کا المیہ ہے۔ نام نہادمسلمان بھی آل رسول کی قبروں کو منہدم کرنے کے بارے میں نہیں سوچ سکتا لیکن آل سعود نے یہ حرکت انجام دی، اس کی یہ حرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ اس گروہ کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
مولانا غافر رضوی نے مزید کہا: جو آل رسول کا نہیں وہ ہمارا بھی نہیں! اس پر ہم کیسے اعتبار کرسکتے ہیں! جس نے رسول کا دل دکھایا ہے وہ ہمیں کیسے خوش رکھ سکتا ہے! ہم آل سعود کی اس رکیک حرکت پر دل کی گہرائیوں سے اظہار بیزاری کرتے ہیں۔
مولانا نے آخر کلام میں حکومت اور عوام الناس سے درخواست کی کہ بے سایہ قبور پر سائبان بنانے کے لئے اقدام کیا جائے کیونکہ ہمیں رسولؐ کو خوش رکھنا ہے اور رسول اکرمؐ اسی وقت خوش ہوں گے جب ان کی آل پاک خوش رہے، حضوراکرمؐ کو یہ کیسے گوارا ہوگا کہ خود سائے میں رہیں لیکن ان کی اولاد تپتی ہوئی ریت پر ہو!۔ جنت البقیع کی تعمیر کے لئے حتی الامکان کوشش کی جائے اور آل سعود کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرکے یہ بتایا جائے کہ ہم رسول و آل رسول کے حامی ہیں، آل سعود سے ہمارا کوئی رشتہ نہیں ہے۔ ''والسلام علی من اتبع الہدی''