ایران کے مرکزی بینک کے گورنر نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور صدارتی امور کے وزیر منصور بن زاید النہیان سے ملاقات
ایران کے مرکزی بینک کے گورنر نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور صدارتی امور کے وزیر منصور بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
ایران کے مرکزی بینک کے گورنر محمد رضا فرزین نے ایک اعلی سطح وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور صدارتی امور کے وزیر منصور بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں فریقین نے متحدہ عرب امارات اور ایران کے درمیان بالخصوص مالیاتی اور بینکنگ کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی اور سینٹرل بینک آف یو اے ای کے گورنر بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ محمد رضا فرزین پیر کی رات تہران سے متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوئے۔ ان کے دورے کا مقصد عرب ملک کے ساتھ مالیاتی اور بینکنگ تعلقات کو آسان بنانا، متحدہ عرب امارات میں ایرانی تاجروں کے لیے ضروری سہولیات اور وسائل کی فراہمی اور کرنسی اور تجارتی نظام کی مطابقت کے حوالے سے مالیاتی تکنیکی مذاکرات ہیں۔
خلیج فارس کی پٹی کے ممالک کے ساتھ اقتصادی، مالیاتی اور بینکاری تعلقات کو فروغ دینا ایران کے مرکزی بینک کے گورنر جنرل کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
اس سے قبل 5 جنوری کو محمد رضا فرزین ایک اعلیٰ وفد کی قیادت کرتے ہوئے قطر اور ایران کے درمیان مالیاتی لین دین اور بینکنگ تعاون کو بڑھانے کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے۔