یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔
المسیرہ کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ایک معاندانہ عمل قرار دیا۔
اس رپورٹ کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے ہفتے کے روز ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ سویڈش حکومت کو اس مذموم اور غیر ذمہ دارانہ اقدام کے نتائج کو قبول کرنا چاہیے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے: مغرب میں اسلامی مقدس مقامات کے خلاف بار بار معاندانہ کارروائیاں مغربی حکومتوں کی اخلاقی اور سیاسی ناکامی کی نشاندہی کرتی ہیں۔
اس بیان میں کہا گیا ہے: مغربی حکومتوں کی اپنے ملک کے معاملات کو سنبھالنے میں ناکامی ان کے لیے یہ جواز نہیں ہے کہ وہ اپنے ساختی مسائل سے رائے عامہ کو ہٹانے کے لیے مسلمانوں کے ساتھ دشمنی میں مشغول ہوں۔
یمن کی تحریک انصار اللہ نے بھی اپنے بیان میں تمام مسلمانوں سے ان کے ٹھکانوں کے خلاف معاندانہ اقدامات کا فیصلہ کن جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سویڈش حکام نے ڈنمارک کی ایک انتہائی دائیں بازو کی شخصیت کو اسٹاک ہوم (سویڈن کے دارالحکومت) میں قرآن پاک کا نسخہ جلانے کی اجازت دی تھی۔ سویڈن کے جنرل پراسیکیوٹر آفس نے بھی اس حوالے سے تحقیقات کرنے اور تحقیقاتی فائل کھولنے سے انکار کر دیا ہے۔