غاصب صیہونی فورسز کی جنین سے رسواکن پسپائی کے بعد غزہ سے فلسطینی مقاومت نے بدھ کی صبح صہیونی بستیوں پر میزائلوں کی بارش کردی۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے جنین سے قابض صیہونی فوج کی شرمناک پسپائی اور جنین میں مزاحمتی گروہوں کا مقابلہ کرنے میں ناکامی کے بعد غزہ کی پٹی سے صیہونی بستیوں پر راکٹ حملوں کی اطلاع دی ہے۔
شہاب ویب سائٹ نے عبرانی زبان کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ، عسقلان، آیویم، نیرام اور سدیروت سے متصل صہیونی بستیوں میں خطرے کا سائرن بجنے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق مزاحمت کے میزائلوں کو روکنے کے لیے غاصب رجیم کا آئرن ڈوم سسٹم کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق عبرانی نیوز سائٹ "مفزک رام" نے خبر دی ہے کہ غزہ سے سدیروت شہر کی طرف راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔
"اسرائیلی" ذرائع نے اعلان کیا کہ 5 راکٹ غزہ سے قریبی صہیونی بستیوں کی طرف داغے گئے جن میں سدیروت کی بستی بھی شامل ہے۔
فلسطینی سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی خبروں اور ویڈیوز سے ظاہر ہوتا ہے کہ مزاحمت کی طرف سے راکٹ داغے جانے کے بعد یہودی آباد کار پناہ گاہوں کی طرف فرار کر گئے ہیں۔
اس بارے میں فرانس 24 ویب سائٹ نے معاریو عبرانی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی ہے کہ صہیونی دفاعی تجزیہ کاروں نے جارح اسرائیلی فورسز کی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جنین میں وہ مزید جارحیت جاری رکھتی تو غزہ کی مزاحمت کی طرف سے جوابی کاروائی کے طور پر شدید میزائل حملے شروع ہوجاتے۔