اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں تفرش، اشتیان اور فرحان کے نمائندے ولی اللہ بیاتی نے کہا کہ واقعہ غدیر خم اسلامی نظام حکومت میں ولایت کی اہمیت اور مقام کو بیان کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولایت شیعہ عقیدے اور اسلام کے ستونوں میں سے ایک اہم ستون ہے
ایران کی پارلیمنٹ کے نمائندے نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ معاشرے کی وحدت ولایت کی قبولیت پر منحصر ہے، کہا کہ انقلاب اسلامی میں ولایت فقیہ کا کردار معاشرے کے تمام شعبوں کو محیط ہے۔ معاشرے کا اتحاد و اتفاق اور اسی طرح اس کا تسلسل ولایت فقیہ کی مرہون منت ہے۔
بیاتی نے نظام ولایت فقیہ کی حفاظت کو ایک الہی تحفہ، وحدت کا سبب اور معاشرے سے تفرقے کے خاتمے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ولایت فقیہ اسلامی معاشرے کے اتحاد اور اسلامی تہذیب کی تشکیل کا محور ہے جس کی اطاعت کا چراغ جلائے رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ملت اسلامی ایران ولایت فقیہ کے پرچم تلے اپنا اتحاد برقرار رکھے گی تب تک دشمن اسلامی ایران کا سامنا کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔
ایران کے مرکزی صوبے کے نمائندگان کے چیئرمین نے مزید کہا کہ آج کے دور میں ایک فقیہ کی ولایت، غدیر کا مظہر ہے اور واقعہ غدیر خم کا سب سے اہم پیغام ولایت کی اطاعت ہے۔ ولایت دین اسلام کے بنیادی ترین مسائل میں سے ایک ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت بھی ولایت کے ذریعے ہی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ درحقیقت غدیر ایک تاریخی واقعہ ہے جس میں رسول خدا (ص) نے خدا کے حکم سے حضرت علی (ع) کو اپنا خلیفہ اور جانشین بنایا تاکہ اسلامی حاکم کا معیار تمام مسلمانوں کے لیے واضح ہو جائے اور تاریخ میں ہمیشہ کے لئے محفوظ ہوکر قیامت تک امتِ رسول کی ہدایت کے چراغ کے طور پر جگمگاتا رہے۔